0
Thursday 13 Aug 2020 16:53

وزیراعظم عمران خان نے احساس نشوونما پروگرام کا باقاعدہ اجرا کر دیا

وزیراعظم عمران خان نے احساس نشوونما پروگرام کا باقاعدہ اجرا کر دیا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے احساس نشوونما پروگرام کا باقاعدہ اجرا کر دیا، پروگرام کے تحت بچیوں کیلئے 2 ہزار روپے سہ ماہی وظیفہ اور بچوں کیلئے 1500 روپے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان ضلع خیبر پہنچے اور شجرکاری مہم کے تحت خیبر میں پودا لگایا، جبکہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے، اس موقع پر یوم آزادی کی مناسبت سے وزیراعظم نے قومی پرچم والا ماسک پہن رکھا تھا، جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے احساس نشوونما پروگرام کا باقاعدہ اجرا کیا۔ وزیراعلٰی کے پی محمود خان بھی عمران خان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے احساس نشوونما پروگرام پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تین سالہ نشوونما پروگرام کا بجٹ 8.52 بلین روپے رکھا گیا ہے، پہلے مرحلے میں 9 اضلاع میں 33 نشوونما مراکز قائم کئے جا رہے ہیں، اس پروگرام میں عالمی ادارہ خوراک کا تعاون شامل ہے۔ معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے کہا پروگرام کے تحت بچیوں کیلئے 2 ہزار روپے سہ ماہی وظیفہ اور بچوں کیلئے 1500 روپے ہوگا، پنجاب میں ضلع راجن پور میں 4 نشوونما مراکز قائم، خیبر پختونخوا، ضلع اپر دیر میں 6، خیبر میں 3 نشوونما مراکز قائم کئے جا چکے ہیں۔ ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ سندھ میں ضلع بدین میں 6 نشوونما مراکز قائم کئے جائیں گے، جبکہ بلوچستان میں ضلع خاران میں 3 نشوونما مرکز قائم کئے جا رہے ہیں اور آزاد کشمیر میں ضلع باغ میں 3 اور گلگت بلتستان میں 8 نشوونما مراکز قائم کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 880054
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش