0
Thursday 13 Aug 2020 18:57

پنجاب کابینہ نے انسداد دہشتگردی عدالتیں ختم کرنے کی منظوری دیدی

پنجاب کابینہ نے انسداد دہشتگردی عدالتیں ختم کرنے کی منظوری دیدی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے رولز آف بزنس 2011 میں ترامیم کی منظوری دی گئی جبکہ چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے پنجاب شوگر فیکٹریز کنٹرول ایکٹ میں ترامیم کی بھی منظوری جبکہ 6 دہشت گردی کی عدالتیں بھی ختم کر دی گئیں۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی زہرصدارت کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 16 صوبائی محکموں کے سیکرٹریز جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں کام کرینگے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ انتظامی لحاظ سے مکمل بااختیار ہوگا۔ جنوبی پنجاب کے لوگوں کو اپنے کام کے سلسلے میں لاہور نہیں آنا پڑیگا، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تمام امور پیپر لیس ہونگے۔

پنجاب کابینہ نے پراپرٹی ٹیکس کی نئی درجہ بندی کرنے سے متعلق ویلیوایشن ٹیبل مرتب کرنے کی تجویز مسترد کر دی۔ چیرٹیز تنظیموں (این جی اوز) کی آن لائن رجسٹریشن کی تاریخ میں 15 اکتوبر تک کی توسیع کی منظوری دی گئی جبکہ 5 لاکھ تک اشٹام پیپر کے ریفنڈ کا اختیار کمشنر کو دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ چینی کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے پنجاب شوگر فیکٹریز (کنٹرول) ایکٹ 1950 میں ترامیم کی منظوری دی گئی جس کے بعد مقرر کردہ تاریخ پر کرشنگ نہ کرنے پر شوگر ملوں کو روزانہ کی بنیاد پر 50 لاکھ جرمانہ کیا جا سکے گا۔ کابینہ نے وزیراعظم نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کو پنجاب بھر میں ہاؤسنگ سکیمیں شروع کرنے کا اختیار دینے کی منظوری دی۔ صوبائی کابینہ نے پنجاب کی پہلی سپیشل ایجوکیشن پالیسی 2019 کی منظوری بھی دیدی، یہ پالیسی میڈیکل ماڈل سے سوشل ماڈل تک کور کریگی۔

اجلاس میں موٹر وہیکلز آرڈیننس 1965 کے سیکشن 120 کے تحت موٹر وہیکلز آفیسرز کو اختیارات تفویض کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ لوڈر رکشہ کو شامل کرنے کیلئے موٹر وہیکلز رولز 1969 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ پنجاب ہیرٹیج فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کی تشکیل کی بھی منظوری دیدی گئی۔ پنجاب گورنمنٹ ایڈورٹائزمنٹ پالیسی 2020 میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہم عوام کو ریلیف دینے کیلئے آئے ہیں، پنجاب کابینہ نے پراپرٹی ٹیکس میں اضافے کو مسترد کرکے عوام کو حقیقی ریلیف دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے سفر میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 880068
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش