0
Friday 14 Aug 2020 12:18
لاہور، یوم آزادی کی مرکزی تقریب حضوری باغ میں ہوئی

آزادی تحفے میں نہیں ملی، بڑی قربانیاں دی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب

آزادی تحفے میں نہیں ملی، بڑی قربانیاں دی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب
اسلام ٹائمز۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے زیراہتمام یوم آزادی کی مناسبت سے مرکزی تقریب لاہور کے تاریخی حضوری باغ میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے مزار اقبالؒ پر حاضری دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی حضوری باغ آمد کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، وزیر اوقاف سعیدالحسن گیلانی، وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک اور آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا۔
 
یوم آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب سے قبل وزیراعلی نے مزاراقبالؒ پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شاہی قلعہ پر پرچم کشائی کی۔ سائرن بجا تو ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ قومی ترانہ بجا تو شرکائے تقریب قومی ترانے کے احترام میں کھڑے ہوگئے۔ تقریب میں تلاوت کلام پاک کی سعادت قاری رفیع الدین سیالوی نے حاصل کی جبکہ مرغوب احمد ہمدانی نے نعت رسول مقبول(ص) پیش کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کے ہر شہری کیلئے آج انتہائی خوشی کا دن ہے، یوم آزادی پر ہم تحریک آزادی کے شہداء کو یاد کرتے ہیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
 
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں آزادی تحفے میں نہیں ملی بلکہ یہ لازوال قربانیوں سے حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جمہوریت اور معیشت پہلے سے زیادہ ترقی کر رہی ہے، جبکہ وطن عزیز کا دفاع مزید مضبوط ہوا ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں، دعاگو ہیں کہ کشمیریوں کو جلد از جلد آزادی نصیب ہو۔ ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال نے کہا کہ 73 ویں یوم آزادی پر مہمان خصوصی وزیراعلی عثمان بزدار اور شرکاء کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، آزادی آسانی سے نصیب نہیں ہوئی بلکہ ہزاروں ہم وطنوں کی قربانی سے حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم اور ان کے ساتھیوں کی پُرخلوص جدوجہد اور کاوشوں سے آزاد وطن ملا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، آزادی کشمیر ہی تکمیل پاکستان ہے، آج کا دن کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا بھی دن ہے۔
 
گلوکار ندیم عباس نے "یہ وطن ہمارا ہے ہم ہیں پاسباں اس کے" ملی نغمہ پیش کیا۔ تقریب کے شرکاء کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی تقریر بھی سنوائی گئی جبکہ چائنیز قونصل جنرل لاہور لانگ ڈنگ بن، کمرشل اتاشی ایرانی قونصل جنرل لاہور علی اصغر، ڈپٹی قونصل جنرل ترک قونصلیٹ جنرل لاہور عسرا سمیت ملکی و غیر ملکی شخصیات اور ارکان اسمبلی بھی تقریب میں موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 880205
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش