0
Saturday 30 Jul 2011 11:55

اسلام آباد،4 دہشتگرد گرفتار، خودکش جیکٹیں، ہینڈ گرنیڈ اور اسلحہ برآمد

اسلام آباد،4 دہشتگرد گرفتار، خودکش جیکٹیں، ہینڈ گرنیڈ اور اسلحہ برآمد
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد پولیس نے چار دہشت گردوں کو مبینہ طور پر دو خودکش جیکٹس کے ساتھ گرفتار کر لیا، ایک دہشت گرد چھاپے کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے چاروں دہشت گردوں کو اسلام آباد کے سیکٹر جی الیون سے ملحقہ علاقے میرہ آبادی اور میرہ کھوہ میں واقع ایک تنگ و تاریک گھر سے گرفتار کیا۔ آئی جی پولیس بنیامین نے بتایا کہ ایک مبینہ دہشت گرد جس کا تعلق بوریوالہ سے بتایا جاتا ہے چند روز قبل اپنے دیگر چاروں ساتھیوں کے ہمراہ نوید شہزاد نامی شخص سے گھر پانچ ہزار روپے کرایہ پر لیا۔ پولیس نے گھر گھر سروے اور مقامی لوگوں کی مشکوک افراد کے بارے میں اطلاعات کے بعد ان دہشت گردوں کو گرفتار کیا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے دو خودکش جیکٹس، تین پستول اور چار ہینڈ گرینڈز برآمد کر لئے اور تحقیقات شروع کر دیں۔ آئی جی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ہدف اور شناخت کے بارے میں ابھی کچھ بتانا قبل ازوقت ہے اور ان سے نامعلوم مقام پر پوچھ گچھ جاری ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بناتے ہوئے چار دہشت گردوں کو گرفتار کر کے خودکش جیکٹیں، ہینڈ گرنیڈ اور اسلحہ برآمد کر لیا۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں کو اسلام آباد کے سیکٹر جی الیون کے قریب واقع کچی آبادی میراں اکو سے گرفتار کیا ہے۔ گرفتار کئے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے چار خودکش جیکٹیں، چار ہینڈ گرنیڈ اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ ایس ایس پی طاہر عالم کے مطابق دہشت گرد کرائے کے ایک گھر میں رہائش پذیر تھے اور کرائے نامے کی مدد سے ایک دہشت گرد کی شناخت کر لی گئی ہے۔ دہشت گردوں کا یک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ آئی جی اسلام آباد کے مطابق مفرور دہشت گرد قریبی آبادی میں ہی روپوش ہے اور پولیس نے سارے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور مفرور دہشت گرد کی تلاش جاری ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں خفیہ پولیس نے چھاپہ مار کر دہشتگردی کی بڑی کارروائی ناکام بناتے ہوئے چار دہشتگردوں کو دو خودکش جیکٹس سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع کے خفیہ ادارے کے اہلکاروں نے گزشتہ روز ایک دہشتگرد کو تحویل میں لیا تو اس نے مزید تین دہشتگردوں کی موجودگی کا انکشاف کیا۔ خفیہ ادارے کے اہلکاروں نے جی بارہ کی کچی بستی کے علاقے میں چھاپہ مار کر مزید تین دہشتگردوں کو پکڑ لیا۔ جن سے دو خودکش جکیٹس، چھ دستی بم اور خودکار اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق پکڑے گئے دہشتگرد وفاقی دارالحکومت میں اعلٰی شخصیات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ آئی جی اسلام آباد بن یامین نے بتایا کہ ایک دہشتگرد فرار ہو گیا ہے جبکہ مالک مکان کو شامل تفتیش کرنے کیلئے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 88170
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش