0
Saturday 22 Aug 2020 16:44

پیپلز پارٹی نے سندھ کا بیڑہ غرق اور کراچی کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا، جماعت اسلامی

پیپلز پارٹی نے سندھ کا بیڑہ غرق اور کراچی کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے مون سون کی حالیہ بارشوں کے نتیجے میں سندھ خاص طور پر کراچی میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کمیٹی کے باوجود شہر کی ابتر صورتحال افسوس ناک ہے، ثابت ہوگیا کہ عدل و انصاف اور دیانتدار قیادت کے بغیر کراچی تا کشمور سندھ کی ترقی اور عوامی مسائل کا حل ناممکن ہے۔ اپنے ایک بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ سندھ حکومت، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کی تین رکنی کمیٹی قائم ہونے کے باوجود آج کراچی ڈوب رہا ہے اور کراچی کے شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں، ضلع وسطی، اورنگی ٹاﺅن، سرجانی ٹاﺅن اور ملیر کے رہائشی اور کاروباری علاقوں میں پانچ پانچ فٹ پانی کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھروں اور دکانوں میں بارش اور نالوں کا پانی بھر جانے سے کروڑوں روپے کا مالی نقصان اور کے الیکٹرک کی نااہلی کی وجہ سے کئی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، لاہور کی مثال پیش کرنے والے کراچی کی صورتحال پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ایک طرف گذشتہ بارہ سالہ دور حکومت میں پیپلز پارٹی نے صوبے کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، وہاں دارالحکومت کراچی کو بھی کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ کراچی کی محبت میں وفاق کو طعنے دینے والے حالیہ بارشوں کے بعد کراچی کے عوام کو ڈوبنے اور مرنے کیلئے تنہا چھوڑ دیا، پیپلز پارٹی کے وزراء پریس کانفرنسز اور بیان بازی سے آگے بڑھ کر کراچی کے عوام کی خدمت اور انکے مالی اور جانی نقصانات کے ازالے کیلئے مؤثر اقدامات کریں۔ صوبائی امیر نے پُرزور مطالبہ کیا کہ کراچی، حیدرآباد سمیت سندھ بھر کے تمام اضلاع میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے مالی اور جانی نقصانات کا سروے کرکے متاثرہ افراد کی مالی امداد اور مؤثر حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں، تاکہ آئندہ مون سون کی بارشوں سے عوام کو حالیہ پریشانی کی صورتحال سے دوچار نہ ہونا پڑے۔ انہوں نے جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکاروں پر بھی زور دیا کہ وہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں اپنے بھائیوں کی ہر ممکن مدد کریں اور گھروں سے پانی نکالنے کیلئے دستیاب مشینری کو استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو باہر نکالیں۔
خبر کا کوڈ : 881878
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش