1
Wednesday 26 Aug 2020 23:54

داعش کیخلاف ایران، شام اور روس کیساتھ تعاون جاری رہیگا، جنرل تحسین الخفاجی

داعش کیخلاف ایران، شام اور روس کیساتھ تعاون جاری رہیگا، جنرل تحسین الخفاجی
اسلام ٹائمز۔ عراقی مشترکہ آپریشن کمانڈ سنٹر کے ترجمان جنرل تحسین الخفاجی نے خبرنگاروں کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے عراقی وزارت دفاع کے اندر داعش کے خلاف "چار جانبہ سکیورٹی سنٹر" کی سرگرمیوں کے جاری رہنے کی خبر دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سکیورٹی سنٹر عراق، ایران، شام اور روس کے تعاون سے تشکیل پایا ہے جس کا مشن اطلاعات کی جمع آوری، مذکورہ بالا ممالک کے درمیان انٹیلیجنس تعاون اور داعش کے خلاف جدوجہد کا جاری رکھنا ہے۔

عراقی خبررساں ایجنسی واع کے مطابق جنرل تحسین الخفاجی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس سکیورٹی سنٹر کی ذمہ داری ایک اعلی فوجی افسر کی سربراہی میں فوجی اطلاعات کی درجہ بندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ بالا تمام ممالک کے اعلی فوجی افسران اس سکیورٹی سنٹر میں موجود رہتے ہیں جن کی سرگرمیاں دہشتگردی سے متعلق معلومات کے تبادلے اور انٹیلیجنس تعاون پر مشتمل ہیں۔ عراقی مشترکہ کمانڈ سنٹر کے ترجمان کے مطابق، اس چار جانبہ سکیورٹی سنٹر نے، خاص طور پر عراقی و شامی علاقوں سے متعلق معلومات کے ذریعے، داعش کے خلاف جدوجہد میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

جنرل تحسین الخفاجی نے عراق سے امریکی انخلاء پر روشنی ڈالتے ہوئے ملک میں موجود امریکی فوجیوں کے کسی ایک اڈے سے نکلنے کے بعد دوسرے فوجی اڈے میں تعینات ہونے کا امکان مسترد کر دیا اور کہا کہ بین الاقوامی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خلاف جدوجہد کے دوران داعش کے ساتھ کامیاب مقابلے کر کے وسیع ملکی سرزمین کو آزاد کروانے والی عراقی سکیورٹی فورسز ان فوجی اڈوں کو کامیابی کے ساتھ چلانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 47,000 (عراقی) فوجی ان اڈوں میں تعینات ہونے کے لئے ضروری عسکری تربیت حاصل کر چکے ہیں جبکہ عراقی سکیورٹی فورسز کے لئے ان فوجی اڈوں کے اندر پیشرفتہ و دیگر فوجی سازوسامان بھی موجود ہے۔

عرب ای مجلے ناس نیوز کے مطابق، جنرل تحسین الخفاجی نے امریکی افواج کی جانب سے "التاجی" سمیت 8 فوجی اڈوں کے خالی کر دیئے جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان اڈوں سے امریکی فوجی اتحاد کے انخلاء کا مطلب یہ نہیں کہ وہ عین الاسد یا حریر جیسے کسی دوسرے فوجی اڈے میں تعینات کر دیئے جائیں بلکہ یہ ایک مکمل انخلاء ہے جو مقرر شدہ نظام الاوقات اور عراقی حکومت کی ہم آہنگی کے ساتھ انجام پاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 882649
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش