1
Tuesday 1 Sep 2020 23:53
اماراتی اقدام امتِ مسلمہ اور فلسطین سے خیانت ہے

اسرائیل کے خاتمے میں دیر نہیں، فلسطین سے غداری کرنیوالوں کی پیشانی پر کلنک کا ٹیکہ تاابد باقی رہیگا، آیت اللہ خامنہ ای

امید ہے اماراتی عوام بیدار ہو کر اس اقدام کی تلافی کر دینگے
اسرائیل کے خاتمے میں دیر نہیں، فلسطین سے غداری کرنیوالوں کی پیشانی پر کلنک کا ٹیکہ تاابد باقی رہیگا، آیت اللہ خامنہ ای
اسلام ٹائمز۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے ویڈیو لنک پر محکمۂ تعلیم کے 34ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عزاداری امام حسین علیہ السلام کے دوران عوام کی جانب سے مکمل احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کئے جانے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ملکی تعلیمی نظام کے ذریعے مومن، عقلمند، مفکر، اہل علم اور اخلاق اسلامی کے حامل انسانوں کی تربیت پر زور دیا۔ آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے اپنے خطاب میں حضرت امام سجاد علیہ السلام کے یوم شہادت کے حوالے سے حضرت امام زمانہؑ (عج) اور امتِ مسلمہ کو تسلیت پیش کرتے ہوئے حضرت زینب سلام اللہ علیہا اور امام علی بن الحسین علیہما السلام کی تحریک کو حقیقی قیام قرار دیا اور کہا کہ عاشوراء کے روز
ہونے والے حسینیؑ قیام کے بعد زبنبیؑ قیام نے واقعۂ عاشوراء کے مختلف پہلوؤں سمیت حضرت سید الشہداء علیہ السلام کی شہادت کو انسانیت کے لئے آشکار کرکے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے محفوظ بنا دیا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے مغربی ممالک کی جانب سے اپنی تہذیب مسلط کرنے کی غرض سے اسلامی ممالک کے تعلیمی نظام پر اثرانداز ہونے کی کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مغربی تعلیمی نظام "2030ء تعلیمی ایجنڈا" (Education 2030 agenda) یا خطے کے دوسرے ممالک کے تعلیمی نظاموں کے اندر مغربی مداخلت کو ان کوششوں کا عملی نمونہ قرار دیا اور کہا کہ مغربی سماجی فلسفہ آج خود مغرب کے اندر شکست کھا چکا ہے جبکہ ہالیوڈ سے لے کر پینٹاگون تک اس غلط فلسفے کے نقائص بھی مکمل طور پر
عیاں ہیں۔ آیت اللہ خامنہ ای نے اسلامی ممالک کے اندر دشمن کے بڑھتے اثرورسوخ کے خلاف پوری طرح متوجہ ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دشمن چاہتا ہے کہ ایسے کام جو وہ فوجی اعتبار سے انجام نہیں دے سکتا، 2030ء تعلیمی ایجنڈے جیسے رَستوں کے ذریعے حاصل کر لے، تاکہ ایسے انسانوں کو تربیت دے ڈالے جو خود اُسی کی سوچ کے حامل ہوں اور اُسی کے عملی مقاصد کو حاصل کرنے کی فکر میں لگے رہیں، تاکہ دوبارہ سے اقوام عالم کو لوٹنے کا زمینہ فراہم ہوسکے۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے اپنے خطاب کے آخر میں غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے ساتھ ممتاز عرب ملک متحدہ عرب امارات کی جانب سے دوستانہ تعلقات استوار کئے جانے کے اقدام کو عالم اسلام،
عرب دنیا، خطے کے ممالک اور امتِ مسلمہ کے اہم ترین مسئلے "مسئلۂ فلسطین" کے ساتھ خیانت قرار دیا اور کہا کہ یہ صورتحال زیادہ دیر برقرار نہیں رہے گی اور نہ ہی اسرائیل کے خاتمے میں دیر لگے گی، البتہ ایک (مسلم) ملک (فلسطین) کے غصب کر لئے جانے اور فلسطینی قوم کے بےگھر کر دیئے جانے کو بھلا کر غاصب صیہونی رژیم کو خطے کے اندر گھسا لینے والوں کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہمیشہ ہمیشہ کے لئے باقی رہے گا۔ انہوں نے امریکی اشارے پر امتِ مسلمہ اور خطے کے ممالک کے خلاف غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے ساتھ اماراتی حکومت کے وسیع تعاون پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ امید ہے کہ اماراتی عوام جلد ہی بیدار ہو کر اس (غلط) اقدام کی تلافی کر دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 883704
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش