0
Saturday 12 Sep 2020 11:27

مقبوضہ کشمیر، فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کیخلاف احتجاج

مقبوضہ کشمیر، فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کیخلاف احتجاج
اسلام ٹائمز۔ فرانس کے ایک جریدے میں توہین رسالت کے حوالے سے شائع توہین آمیز خاکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اس کو مسلمانوں کے خلاف سخت منصوبہ قرار دیا ہے۔ آغا سید حسن نے کہا کہ یہ شیطانی حرکتیں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرکے عالم اسلام میں ایک اشتعال انگیز ماحول پیدا کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسلام دشمن عناصر ہمیشہ اس جستجو میں رہتے ہیں کہ کس طرح مسلمانوں کی دل آزاری کی جائے۔ آغا حسن نے کہا کہ پیغمبر اسلام (ص) کے ساتھ عشق و محبت مسلمانوں کے تمام طبقہ ہائے فکر کے لوگوں کے دین و ایمان کا جز لاینفک ہے اور توہین رسالت کی کوئی بھی مذموم کارروائی مسلمانوں کے لئے ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کئی سال پہلے جب پہلی بار اس طرح کے توہین آمیز خاکے فرانس میں شائع کئے گئے تھے تو پوری دنیا میں اس کا شدید ردعمل سامنے آیا تھا اور کئی مسلمانوں نے احتجاجات کے دوران درجہ شہادت پر بھی پہنچائے جاچکے تھے۔ آغا سید حسن نے کہا کہ آج سالہا سال بعد ایک بار پھر انہی گستاخانہ خاکوں کو شائع کیا گیا ہے، یہ کسی مسلم دشمن ایجنڈے کی کڑی معلوم ہوتی ہے۔ دریں اثنا انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام وادی کشمیر کے کئی جمعہ مراکز پر ان توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر شدید احتجاج کیا گیا اور ائمہ نے جمعہ کے موقعہ پر ان خاکوں کی اشاعت کے پس پردہ دشمنان اسلام کے مقاصد کو اجاگر کیا۔
خبر کا کوڈ : 885750
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش