0
Saturday 19 Sep 2020 22:22

وزیراعظم سمیت اکثر وزراء اور ممبران پارلیمنٹ ٹیکس چور ہیں، مشتاق خان

وزیراعظم سمیت اکثر وزراء اور ممبران پارلیمنٹ ٹیکس چور ہیں، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم سمیت تحریک انصاف کے اکثر وزراء اور ممبران پارلیمنٹ ٹیکس چور ہیں۔ وزیراعظم ٹیکس نہ دینے کا الزام عوام پر لگاتے ہیں لیکن اپنے گریبان میں جھانکنے کی زحمت گوارا نہیں کرتے۔ دوسروں کو ٹیکس چور اور کرپٹ کہنے والے خود ٹیکس چوری میں ملوث ہیں۔ المرکز اسلامی پشاور سے جاری اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اکثر وزراء اور ممبران کے ٹیکس نہ دینے سے ثابت ہوتا ہے کہ وزیراعظم ٹیکس چوروں کے سرپرست ہیں۔ اربوں اور کھربوں روپے کے اثاثے رکھنے اور پُرتعیش زندگی گزارنے والے تحریک انصاف کے ممبران پارلیمنٹ ٹیکس ادا نہیں کرتے یا پھر عام آدمی سے بھی کم ٹیکس ادا کررہے ہیں۔ حکومت روزانہ عوام اور کاروباری طبقے پر نت نئے ٹیکس مسلط کرہی ہے، ٹیکسوں کی بھرمار نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ حکومت عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے کے بجائے ایلیٹ کلاس پر ٹیکسز لگائے۔ ایلیٹ کلاس مافیا کی صورت میں پی ٹی آئی میں موجود ہے، یہ طبقہ اربوں کھربوں کما رہا ہے اور کرپشن میں بھی ملوث ہے۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ تحریک انصاف حکومت کے صوبائی وزیر خزانہ تیمور خان جھگڑا نے ایک سال کے دوران صرف 341 روپے ٹیکس دیا۔ وزیر موصوف کا کام خزانے میں اصلاحات لانے اور عوام کو ٹیکس جمع کرنے کی تلقین کرنا ہے لیکن ان کا خود یہ حال ہے کہ ایک سال کے دوران کم ترین ٹیکس دیا ہے۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا اور وزیر اعظم کے مشیر زلفی بخاری کی بیرون ملک جائیدادیں اور کاروبار ہیں، اربوں روپوں کے مالک ہیں لیکن انہوں نے 2018ء سے ایک روپے ٹیکس جمع نہیں کرایا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا نام بھی ٹیکس نادہندگان میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے 8 ہزار ارب روپے جمع کرنے تھے لیکن ان کی اپنی پارٹی کے وزراء اور اسمبلیوں کے ممبران ہی ٹیکس نادہندہ ہیں۔ وزیراعظم قوم کو جھوٹے خواب دکھا رہے ہیں، ٹیکس ریکوری نہیں ہوگی تو ملک کا نظام کیسے چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس نہ دینے والے وزراء اور ممبران کے خلاف کاروائی کرے، ٹیکس چوری اور عوام سے جھوٹ بول کر انہیں دھوکے میں رکھنے پر وزیراعظم کو قوم سے معافی مانگنی چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 887261
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش