0
Wednesday 30 Sep 2020 17:25

چہلم امام حسین (ع)، ڈی آئی خان کا سکیورٹی پلان

چہلم امام حسین (ع)، ڈی آئی خان کا سکیورٹی پلان
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں اربعین حسینی، چہلم امام حسین (ع) 2020ء کا سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کو پانچ سیکٹرز میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ تمام داخلی و خارجی راستوں پر اضافی پولیس چیک پوسٹوں کے ساتھ ساتھ پاک فوج کے ساتھ مشترکہ چوکیاں بھی قائم کی گئیں ہیں۔ مشکوک اور شر پسند عناصر کی کڑی نگرانی کے لئے سول و حساس ادارے مل کر کام کر رہے ہیں جبکہ نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لئے مربوط انٹیلی جنس نیٹ ورک کو وسعت دے کر متحرک کر دیا گیا ہے۔ چہلم میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے شہر میں دفعہ 144نافذ ہے جس کے تحت اسلحہ کی نمائش، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، متنازعہ وال چاکنگ، لاؤڈ سپیکر کے بے جا استعمال، شر انگیز تقاریر، منافرت پھیلانے والے اشتعال انگیز مواد کی نشر و اشاعت و تقسیم، کھلے عام پٹرولیم مصنوعات کی فروخت، پانچ سے زائد افراد کے اجتماع اور دیگر عوامل پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے، عوام کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے اور جرائم پیشہ و شر پسند عناصر سے نہایت ہی سختی سے نمٹنے کے لئے ضلع بھر میں نتیجہ خیز سرچ اینڈ سٹرائیک اپریشن میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔

ضلع بھر کے حساس مقامات کی بم ڈسپوزل سکواڈ اور کھوجی کتوں کے ذریعے سویپنگ کا عمل جاری ہے اور امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود چہلم کے دوران  امن کو یقینی بنانے کے لئے اٹھائے گئے تمام تر سکیورٹی اقدامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ چہلم کے حوالے سے ضلع میں 32 چھوٹے و بڑے جلوس جبکہ 60 مجالس منعقد کی جائیں گی۔ چہلم 2020ء میں 4576 پولیس کے افسران و جوانان اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دیں گے۔ جن میں دو ایس پی، سات ڈی ایس پی، آٹھ انسپکٹرز، 49 سب انسپکٹرز، 100 اے ایس آئیز، 580 ہیڈ کانسٹیبل، 3819 پولیس اہلکار شامل ہیں۔ چہلم کے موقع شہر کو 36 مقامات پر سیل کر دیا گیا ہے جبکہ نیو بنوں چونگی، موسمیات روڈ، بند دھپانوالہ، محمود آئی ہسپتال، قریشی موڑ، ظفر آباد چونگی سمیت 33 مقامات پر بھی پولیس کی خصوصی ناکہ بندیاں کی گئی ہیں۔

اسی طرح ضلع کے 6 داخلی و خارجی مقامات پرناکہ بندیاں قائم کی گئی ہیں اور چیکنگ کا عمل سخت کر دیا گیا ہے جبکہ ایلیٹ فورس کے خصوصی کمانڈوز دستے بھی حفاظتی امور پر معمور کر دئیے گئے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انتظامی محکموں کے مابین بہترین کوآرڈینیشن کی خاطر دفتر پولیس میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ چہلم 2020ء کے پر امن انعقاد کے حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود نے امید ظاہر کی ہے کہ جس طرح محرم الحرام 2020ء میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام و عمائدین نے اپنی خدمات سر انجام دی ہیں اسی طرح چہلم 2020ء میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے عوام پر بھی زور دیا ہے کہ وہ چہلم 2020ء کے دنوں میں امن و امان اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں اور فرقہ ورانہ تعصبات کو ہوا دینے والے عناصر کی مذموم سرگرمیوں کو ناکام بناتے ہوئے ایک ذمہ دار اور قانون پسند شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
خبر کا کوڈ : 889380
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش