0
Saturday 24 Oct 2020 20:58

محسن داوڑ کو کوئٹہ ایئرپورٹ پر روک لیا گیا

محسن داوڑ کو کوئٹہ ایئرپورٹ پر روک لیا گیا
اسلام ٹائمز۔ پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماء اور رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کو کوئٹہ ایئرپورٹ پر روک دیا گیا، ان کے بلوچستان میں داخلے پر 3 ماہ کی پابندی عائد ہے۔ رکن قومی اسمبلی اور پی ٹی ایم کے رہنماء محسن داوڑ پر بلوچستان حکومت نے جولائی 29 کو تین ماہ کیلئے صوبے میں داخلے پر پابندی عائد کی تھی، انہیں 4 ستمبر کو کوئٹہ پہنچنے پر حراست میں لیا گیا اور چند گھنٹے بعد اگلی ہی فلائٹ سے واپس اسلام آباد بھیج دیا گیا تھا۔ پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماء محسن داوڑ کو ایک بار پھر کوئٹہ ایئرپورٹ پر روک دیا گیا، وہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے میں شرکت کیلئے کوئٹہ پہنچے ہیں۔ پی ڈی ایم میں شامل بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے محسن داوڑ کو کوئٹہ ایئرپورٹ پر روکنے کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہمانوں کے ساتھ ایسا سلوک نہیں ہونا چاہیئے، محسن داوڑ کو جلسے میں شرکت کی اجازت دی جائے، یہ اس کا جمہوری حق ہے۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) سمیت ملک کی 11 جماعتیں شامل ہیں۔ محسن داوڑ کل (اتوار کو) پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کیلئے کوئٹہ آرہے تھے، پشتون تحفظ موومنٹ کے کارکنان کی بڑی تعداد نے ایئرپورٹ پر دھرنا دے رکھا ہے۔ دوسری جانب ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کو کوئٹہ ائیرپورٹ پر روکنے کے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کر دیا، ان کا کہنا ہے کہ مجھے محسن داوڑ کی گرفتاری کی خبر نہیں۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق محسن داوڑ پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کوئٹہ آنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ انتظامیہ کے مطابق انہیں اگلی فلائٹ سے واپس بھیج دیا جائے گا۔

 
خبر کا کوڈ : 893851
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش