0
Wednesday 28 Oct 2020 23:23

ایم ڈبلیو ایم اور تحریک انصاف کے سیاسی اتحاد کے مثبت نتائج برآمد ہونگے، نرگس سجاد

ایم ڈبلیو ایم اور تحریک انصاف کے سیاسی اتحاد کے مثبت نتائج برآمد ہونگے، نرگس سجاد
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین اور پاکستان تحریک انصاف کے سیاسی اتحاد کے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔ ایم ڈبلیو ایم ہر میدان میں موجود رہنے کو کامیابی تصور کرتی ہے۔ انتخابی سیاست میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ووٹ کے صحیح استعمال کے ذریعے معاشرے میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی رہنماء خواہر نرگس سجاد نے نومل میں خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے نہایت ہی قلیل سفر میں بھرپور سیاسی جدوجہد سے اپنی طاقت کا لوہا منوایا ہے۔ گلگت بلتستان کے جملہ حقوق کے حصول کیلئے کسی بھی سیاسی جماعت سے ایم ڈبلیو ایم کی کاوشیں بڑھ کر ہیں۔ آنے والے الیکشن میں پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد کے مثبت اثرات ظاہر ہونگے اور بہت جلد گلگت بلتستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پوری دنیا کے مظلومین کی حمایت میں کھڑے ہیں اور ہمارا ہدف مظلوم عوام کو ان کا حق دلوانا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور سیاسی جدوجہد میں خواتین مجاہدانہ کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس موقع پر شعبہ جوان کی مرکزی رہنما خواہر سائرہ ابراہیم نے کہا کہ مسائل کا حل کمزوری دکھانے میں نہیں بلکہ ہمت اور حوصلے سے مسائل کا مقابلہ کرنا ہے۔ ہم نے اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے اور ہمارے بچوں کا مستقبل اس وقت محفوظ ہوگا، جب ملک میں میرٹ کا اصول چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بچے آج اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور اسی لئے ہیں کہ ہم نے سیاسی میدان کو کسی اور کیلئے خالی چھوڑا ہوا ہے۔ لہٰذا اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے صاحب کردار نمائندوں کو اسمبلی تک پہنچائیں، تاکہ آنے والے وقت میں سفارش کلچر اور اقرباء پروری کا خاتمہ ہوسکے۔
خبر کا کوڈ : 894633
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش