0
Thursday 29 Oct 2020 16:20

پشاور دھماکے کی تحقیقات جاری، پورے علاقے کی موبائل کالز کا ڈیٹا حاصل کر لیا گیا

پشاور دھماکے کی تحقیقات جاری، پورے علاقے کی موبائل کالز کا ڈیٹا حاصل کر لیا گیا
اسلام ٹائمز۔ دیر کالونی میں مدرسے میں دھماکے کی تفتیش جاری ہے، پورے علاقے کی موبائل کالز کا ڈیٹا حاصل کرکے دھماکہ سے پہلے اور بعد کی ریکارڈ فون کالز کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقہ دیر کالونی میں جیوفنسنگ کا عمل جاری ہے، تحقیقات کا دائرہ کار مزید وسیع کرکے پورے علاقے کی موبائل کالز کا ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے اور فون کالز کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔ پولیس کی جانب سے دیر کالونی میں سرچ آپریشن کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا، دھماکے سے متاثرہ مدرسے میں زیر تعلیم تمام طلباء کو واپس بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرکے تحقیقات کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا ہے، قلمبند بیانات کی مدد سے مدرسے میں بارودی مواد لانے والے ملزم کا خاکہ تیار کیا جارہا ہے، جبکہ گذشتہ روز گرفتار مشتبہ افراد کا ڈیٹا مکمل کرنے کا عمل جاری ہے۔

یاد رہے کہ دیر کالونی دھماکے سے متعلق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ مدرسے اور آنے والے طلبا کی ریکی کی گئی، گذشتہ روز مدرسے کے غسل خانوں میں مرمتی کام بھی جاری تھا تو مرمتی کام کرنیوالے مزدوروں سے بھی تفتیش جاری ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کا کہنا تھا کہ مدرسے میں زیر تعلیم ایک طالبعلم کو حراست میں لے لیا ہے، جس سے تفتیش جاری ہے، جبکہ دیگر طلبا کا ریکارڈ، کوائف کی جانچ پڑتال بھی کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ پشاور کے مدرسے میں دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 96 زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس کے مطابق دھماکا ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا، جس میں 5 سے 6 کلو کا بارودی مواد شامل تھا، جبکہ اے آئی جی بم ڈسپوزل کے مطابق دھماکہ منظم گروپ کی کارروائی لگتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 894767
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش