0
Saturday 31 Oct 2020 20:07

پی ڈی ایم کا جلسہ پشاور میں ضرور ہوگا، سینیٹر عبدالغفور حیدری

پی ڈی ایم کا جلسہ پشاور میں ضرور ہوگا، سینیٹر عبدالغفور حیدری
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے جنرل سیکرٹری سینیٹر عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا جلسہ پشاور میں ضرور ہوگا، جلسے کو روکا نہيں جاسکتا۔ عبدالغفور حیدری پشاور کی دیر کالونی مسجد پہنچے جہاں بم دھماکے کے شہداء کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ یاد رہے چند روز قبل پشاور کے دیر کالونی مدرسے میں دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ مسجد دھماکا بہت دل خراش اور افسوسناک واقعہ ہے، واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں لیکن اب تک سنجیدہ ایکشن نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے ابھی تک یہاں کا دورہ نہیں کیا اور نہ ہی حکومت کی طرف سے واقعے پر کوئی جوڈیشل کمیشن بنایا گیا۔

رہنما جے یو آئی (ف) نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی تحقیقات کیلئے اعلٰی سطح کا جوڈیشل انکوائری کمیشن بنایا جائے اور زخمیوں اور شہداء کیلئے پیکج کا اعلان کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران ناکام ہو چکے ہیں کہیں بھی حکومتی رٹ قائم نہیں، پشاور میں پاکستان ڈیموکریٹک الائنس (پی ڈی ایم) جلسہ ضرور ہوگا، جلسے کو نہیں روکا جا سکتا، اس کے علاوہ ملتان میں بھی جلسہ ہو گا۔ خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک کے تحت گوجرانوالا، کراچی اور کوئٹہ میں جلسے ہو چکے ہیں، جبکہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے 22 نومبر کو پشاور، 30 نومبر کو ملتان اور 13 دسمبر کو لاہور میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 895195
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش