0
Sunday 1 Nov 2020 21:29

بلاول بھٹو اور علی امین گنڈاپور کی انتخابی جلسوں میں شرکت پر امیدواروں کو نوٹس

بلاول بھٹو اور علی امین گنڈاپور کی انتخابی جلسوں میں شرکت پر امیدواروں کو نوٹس
اسلام ٹائمز۔ بلاول بھٹو اور علی امین گنڈاپور کی جانب سے جی بی میں جلسہ منعقد کرنے پر پی پی اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے۔ ضابطہ اخلاق پر نظر رکھنے کیلئے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی جانب سے قائم کی گئی مانیٹرنگ ٹیم اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کی جانب سے مختلف حلقوں میں انتخابی جلسوں کے انعقاد پر بلتستان، دیامر ،غذر اور گلگت میں دونوں پارٹیوں کے امیدواروں کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سکردو کی جانب سے پیپلزپارٹی ڈسٹرکٹ سکردو کے صدر اور سکردو حلقہ ون کے امیدوار سید مہدی شاہ کے نام جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 28 اکتوبر کو سکردو مین بازار میں سیاسی جلسہ رکھا گیا جس سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو جو کہ اس وقت ممبر قومی اسمبلی بھی ہیں نے خطاب کیا۔ اس جلسے میں پیپلزپارٹی کے نامزد امیدواروں سید مہدی شاہ، محمد علی شاہ، وزیر محمد خان، وزیر وقار بھی شریک ہوئے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے ضابطہ اخلاق کے مطابق صدر، وزیر اعظم، چیئرمین ،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، سپیکر، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی، وفاقی و صوبائی وزرا، وزیر اعظم کے مشیر، میئرز، ڈپٹی میئرز، ناظم، نائب ناظم سمیت کوئی بھی پبلک آفس ہولڈر انتخابی سرگرمیوں میں شریک نہیں ہو سکتا۔ نوٹس میں آئندہ ضابطہ اخلاق پر عمل نہ کرنے کی صورت میں نامزد امیدواروں اور متعلقہ پارٹی کیخلاف قانونی کارروائی کی تنبیہ کی گئی ہے۔ ادھر شگر میں پی پی کے امیدوار عمران ندیم کو بھی اسی طرح کا نوٹس دیا گیا ہے۔ غذر میں بلاول کے جلسے پر پی پی کے امیدوار علی مدد شیر کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کی جانب سے دیامر میں جلسہ کرنے پر دیامر میں پی ٹی آئی کے چاروں امیدواروں نوشاد عالم، عتیق اللہ، حیدر خان اور گلبر خان کو بھی نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز کی جانب سے جاری نوٹسز میں پی ٹی آئی امیدواروں کیخلاف کارروائی کی وارننگ دی گئی ہے۔ یادر ہے کہ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے ہر حلقے میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نظر رکھنے کیلئے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی تھیں، ساتھ ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز بھی مقرر کیے گئے ہیں، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز نے یہ نوٹسز مانیٹرنگ ٹیموں کی رپورٹ پر جاری کیے ہیں
خبر کا کوڈ : 895373
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش