0
Sunday 1 Nov 2020 23:22

وزیراعظم عمران خان نے درست کہا جیسے ڈونلڈ ٹرمپ ہیں ویسے ہی وہ ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی 

وزیراعظم عمران خان نے درست کہا جیسے ڈونلڈ ٹرمپ ہیں ویسے ہی وہ ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی 
اسلام ٹائمز۔ پی ڈی ایم کے تحت پیپلزپارٹی کی میزبانی میں ہونے والا 30 نومبر کو جلسہ حکومت کی کھوکھلی بنیادوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گا، عوام کو مہنگائی و بے روزگاری کی چکی میں پیسنے والی تبدیلی سرکار کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار لودھی ہاوس میں پیپلزپارٹی ملتان کے ڈویڑنل صدر خالد حنیف لودھی کی صدارت میں 30 نومبر کے جلسہ کے حوالے سے ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سینئر نائب صدر جنوبی پنجاب خواجہ رضوان عالم، ڈویڑنل صدر خالد حنیف لودھی، ڈویڑنل جنرل سیکرٹری ڈاکٹر جاوید صدیقی، سٹی صدر ملک نسیم لابر، ضلعی جنرل سیکرٹری راو ساجد علی نے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی فضا کو آلودہ کرنے کا سہرا سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے ان کی سوچ محض ٹائیگرفورس کی حد تک محدود ہے۔ تبدیلی سرکار نے ملک کے ہر شعبہ اور معاشرے کے ہر جز کو تباہ کر دیا ہے، اپنی نالائقی کا ملبہ مختلف اداروں پہ ڈال رہے ہیں۔

رہنمائوں نے کہا کہ عمران خان پاکستانی قوم سے اور پارلیمنٹ سے معافی مانگیں۔ انہوں نے اپنی ذہنی انتشار کا نشانہ پوری قوم کو بنایا ہے، انہیں اس بات کا احساس ہی نہیں کہ وہ کس طرح ملک کو تنزلی کی طرف لے جارہے ہیں، عوام بھوک و افلاس سے تنگ آچکی ہے، حکمران طبقہ ہر محاذ پر ناکام ہوچکا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے درست کہا جیسے ڈونلڈ ٹرمپ ہیں ویسے ہی وہ ہیں، دونوں کی طرز سیاست فاشسٹ اور غیرجمہوری ہے۔ اس حکومت کی موجودگی میں عوام کو ریلیف نہیں مل سکتا۔ آج غریب طبقہ پس کر رہ گیا ہے ہر کوئی اس حکومت کے جانے کی دعائیں مانگ رہا ہے، یہ ملک پر انتہائی مشکل وقت ہے، اگر اس حکومت کو لے کر آنے والے اسے مدد دینے سے باز نہ آئے تو خود انہیں بھی تاریخ معاف نہیں کرے گی۔ ملک کی سمت درست کرنے کیلئے ضروری ہے کہ اس حکومت سے عوام کو نجات دلائی جائے، 30 نومبر کو ملتان میں ہونے والا جلسہ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوگا، ہر گلی ہر کوچہ سے ایک ہی نعرہ گونجے گا پاکستان بچانا ہوگا بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنانا ہوگا۔
 
خبر کا کوڈ : 895389
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش