0
Monday 2 Nov 2020 01:20

گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنانے کے اعلان پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، علامہ ناصر عباس

گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنانے کے اعلان پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، علامہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وزیراعظم عمران خان کی طرف گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنانے کے اعلان پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اس فیصلے سے ان لاکھوں افراد کے دل جیت لیے ہیں، جو گذشتہ ستر سالوں سے استحصال اور محرومی کی چکی میں پس رہے تھے۔ جی بی کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین کا اولین مطالبہ وہاں کے عوام کی خواہشات کے مطابق آئینی حقوق کا حصول ہے۔ تحریک انصاف اور ایم ڈبلیو ایم کے درمیان سیاسی اشتراک کا بنیادی نکتہ بھی یہی ہے کہ ملک کے دیگر صوبوں کی طرح جی بی کے عوام کو بھی ان سہولیات سے محروم نہ رکھا جائے، جن کے وہ حقدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی بی کے عوام ملک کے عظیم محب وطن اور مضبوط نظریاتی و جغرافیائی دفاع ہیں۔ تحریک پاکستان سے قیام پاکستان تک ان کا جرات مندانہ کردار کسی سے پوشیدہ نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک طرف ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لیے دشمنوں کے آلہ کار محرومی کا رونا رو کر ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں جبکہ دوسری طرف جی بی کے عوام اپنے خطے کو وطن عزیز کا حصہ بنانے پر زور دے رہے ہیں۔ حب الوطنی کی اس سے بڑی کوئی دلیل نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان صوبے کی تشکیل تحریک انصاف حکومت کا سب سے بڑا کارنامہ ہوگا، جسے تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔ یہ وقت جی بی کے عوام کے لیے بھی اس اعتبار سے سازگار ہے کہ وہ سیاسی و مذہبی جماعتیں کھل کر سامنے آجائیں گی، جو بظاہر عوامی حقوق کی دعویدار ہیں لیکن ان کے پس پردہ مقاصد مختلف ہیں۔ عوام ایسے نمائندوں کو ہمیشہ کے لیے مسترد کریں، جو جی بی کے آئینی صوبہ بننے کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 895406
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش