0
Thursday 5 Nov 2020 18:26

شہدائے ماڈل ٹاون کے ورثاء بے گناہوں کے قتل کا انصاف مانگ رہے ہیں، خرم نوازگنڈاپور

شہدائے ماڈل ٹاون کے ورثاء بے گناہوں کے قتل کا انصاف مانگ رہے ہیں، خرم نوازگنڈاپور
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ شہدائے ماڈل ٹاون کے ورثاء کی نظریں سپریم کورٹ کے حکم پر بننے والی جے آئی ٹی پر ہیں، فی الحال تاریخیں مل رہی ہیں، سپریم کورٹ کے لارجر بنچ نے سانحہ ماڈل ٹاون کی نئی جے آئی ٹی کیلئے جو فیصلہ دیا تھا وہ عملدرآمد کا منتظر ہے، سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کے سٹے کیخلاف فوری سماعت کا حکم دیا تھا، فل بنچ کی سماعت کے منتظر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاون کیس میں پیش ہونیوالے وکلاء اور شہدائے ماڈل ٹاون کے ورثاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاون کے ورثاء بے گناہوں کے قتل کا انصاف مانگ رہے ہیں، 14 بے گناہ پاکستانی شہریوں کو دن دیہاڑے ماڈل ٹاون میں خون میں نہلایا گیا، اس قتل عام میں نواز شریف، شہباز شریف سمیت ان کے حواری براہ راست ملوث ہیں، نہتے شہریوں کا قتل عام رات کے اندھیرے میں نہیں بلکہ صوبائی دارلحکومت لاہور میں دن دہاڑے میڈیا کے کیمروں کے سامنے ہوا۔

انہوں نے کہا کہ معزز عدلیہ نے بارہا اس کیس کا نوٹس لیا اور فوری انصاف فراہم کرنے کیلئے ہدایات بھی دیں مگر تاحال انصاف کی طرف پیشرفت نہیں ہو سکی اور یہ کیس اپنی ابتدائی سطح پر ہی کھڑا ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاون کیس کو ختم کرنے کیلئے نواز شریف، شہباز شریف نے فرضی تفتیش کروائی تھی۔ سیکرٹری جنرل عوامی تحریک نے کہا کہ ہمارا اول روز سے یہی مطالبہ ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاون کی غیر جانبدار تفتیش کروائی جائے، چیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے اپیل ہے کہ وہ اس بات کا جائزہ لیں کہ دوسری جے آئی ٹی کی تشکیل میں قانون رکاوٹ نہیں ہے تو پھر کون رکاوٹ ہے۔
خبر کا کوڈ : 896101
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش