0
Friday 6 Nov 2020 11:06

خیبر پختونخوا حکومت کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے تیار ہے

خیبر پختونخوا حکومت کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے تیار ہے
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے تیار ہے اور حفاظتی اقدامات اُٹہانے کیلئے مشاورت کر لی گئی ہے۔ وزیرِاعظم عمران خان سوات میں خیبر پختونخوا حکومت کے فلیگ شپ منصوبے صحت سہولت پروگرام کا افتتاح کریں گے جس کے تحت صوبے کے ہر خاندان کو سالانہ 10 لاکہ تک مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی۔ 31 جنوری 2021ء تک صوبے کی تمام آبادی اس پروگرام سے مستفید ہو جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار خیبر پختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا اور وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلٰی تعلیم کامران خان بنگش نے پشاور میں کورونا کی دوسری لہر، صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا اور صحت کارڈ کے حوالے سے میڈیا بریفنگ میں کیا۔ کامران خان بنگش کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے تمام اداروں کے تعاون سے کورونا کی پہلی لہر پر قابو پایا، جبکہ وزیراعلٰی محمود خان کی قیادت میں، اپنی محنت و لگن سے اس کی دوسری لہر پر بھی قابو پا لیں گے۔

وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کی صدارت میں ہونے والے صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کے اجلاس میں احتیاطی تدابیر اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اس سلسلے میں پارکس اور تفریحی مقامات کو شام 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح شادی ہالز، بازار دیگر تجارتی مراکز رات 10 بجے بند کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ کامران بنگش کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ صوبے میں اقتصادی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں، تاہم اس مقصد کے حصول کیلئے عوام کا تعاون درکار ہوگا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس ایک حقیقت ہے، میں خود اور کامران بنگش بھی اس سے متاثر ہوچکے ہیں، اس وباء اور اس کی تباہ کاریوں کو سنجیدہ لینا ہوگا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کی وباء کے پہلے دن سے ہی کوشش رہی ہے کہ عوام کو حقیقی صورتحال سے آگاہ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 896214
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش