0
Tuesday 17 Nov 2020 19:11

جی بی الیکشن کے نتائج میں ڈرامائی تبدیلیاں، گلگت حلقہ دو میں دوبارہ گنتی جاری

جی بی الیکشن کے نتائج میں ڈرامائی تبدیلیاں، گلگت حلقہ دو میں دوبارہ گنتی جاری
اسلام ٹائمز۔ گلگت حلقہ دو کا الیکشن رزلٹ پھنس گیا پی پی اور پی ٹی آئی کی جانب سے اپنی اپنی فتح کا اعلان کیا جا رہا ہے تاہم ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری ہے۔ رات گئے تک حتمی نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔ دوسری جانب گلگت بلتستان انتخابات کے نتائج میں ڈرامائی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ الیکشن کی رات کو گلگت حلقہ دو سے پیپلزپارٹی کے جمیل احمد کامیاب ہوئے تھے، صبح پی ٹی آئی کے فتح اللہ خان کو 2 ووٹوں سے فاتح قرار دیدیا گیا جس کے بعد پیپلزپارٹی نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر (ڈی سی گلگت آفس) کے سامنے دھرنا دیا۔ گلگت میں پی پی کا دھرنا گزشتہ دو روز سے جاری ہے۔ دھرنے کی قیادت پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ کر رہے ہیں۔ احتجاج کے بعد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا اعلان کیا گیا۔ منگل کے سہ پہر ووٹوں دوبارہ گنتی شروع ہو گئی ہے اور رات گئے تک حمتی نتیجہ سامنے آنے کا امکان ہے۔

الیکشن نتائج میں ڈرامائی تبدیلیاں
 گلگت بلتستان کے عام انتخابات میں ڈرامائی تبدلیاں سامنے آ رہی ہیں۔ رات کو جیتے امیدوار صبح ہار گئے۔ گلگت حلقہ دو میں الیکشن کی رات کو غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے جمیل احمد جیت گئے تھے۔ پی پی کے رہنمائوں کے مطابق جمیل احمد کو پی ٹی آئی کے فتح اللہ خان پر 619 ووٹوں کی سبقت حاصل تھی۔ اگلی صبح فتح اللہ خان کو 2 ووٹوں سے فاتح قرار دیدیا گیا۔ ادھر دیامر میں بھی غیر متوقع نتائج سامنے آگئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے حیدر خان جو پہلے جیت گئے تھے ہار گئے اور جے یو آئی کے حاجی رحمت خالق جیت گئے۔ حیدر خان نون لیگ کے دور حکومت میں وزیر ایکسائز تھے۔ نون لیگ کی حکومت ختم ہونے کے بعد تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے۔ ادھر جی بی اے 15 دیامر میں آزاد امیدوار شاہ بیگ کی کامیابی شکست میں تبدیل ہو گئی۔ دوسرے آزاد امیدوار دلپذیر خان جیت گئے۔ حاجی شاہ بیگ گزشتہ دور حکومت میں اپوزیشن لیڈر رہ چکے ہیں۔

گلگت میں دھرنا
حلقہ دو میں جمیل احمد کی فتح شکست میں تبدیل ہونے کے بعد گلگت میں ڈی سی آفس کے سامنے پیپلزپارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے دھرنا دیا۔ پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اسلام آباد روانگی کا پروگرام ملتوی کرکے دھرنے میں شامل ہو گئے اور انہوں نے احتجاج کی خود قیادت سنبھال لی۔ ڈی سی آفس کے سامنے پی پی کے دھرنے کے دوران ممکنہ تصادم سے پچنے کیلئے سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ پی پی کے احتجاج کے بعد دوبارہ ووٹوں کی گنتی شروع کر دی گئی۔ شام کو پیپلزپارٹی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ جمیل احمد دوبارہ جیت گئے ہیں بعد میں پارٹی کے صوبائی صدر نے ایک پیغام میں کہا کہ ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور ابھی تک کوئی بھی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ رات گئے تک حتمی نتیجہ سامنے آئے گا۔

عوام افواہوں پر کان نہ دھریں، حکوتی ترجمان
دریں اثنا نگران حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بعض سیاسی جماعتیں شفاف انتخابات کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہی ہیں، گلگت بلتستان کا الیکشن قابل تقلید اور مثالی ہے۔ فیض اللہ فراق کا مزید کہنا تھا کہ عوام افواہوں پر کان نہ دھریں، پوسٹل بیلٹ پیپرز کی گنتی کے بعد فائنل نتائج آویزاں ہونگے، مختلف حلقوں میں گنتی کا عمل جاری ہے، ابھی تک نتائج غیر حتمی اور غیر سرکاری ہیں۔ سیاسی جماعتیں بلوغت کا مظاہرہ کریں، تحمل کا دامن ہاتھ سے جانے دیں، جی بی کے عوام کے ووٹ کو عزت دینے کی ضرورت ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 898362
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش