0
Thursday 26 Nov 2020 13:55

مولانا قلب صادق کے اِنتقال پر تعزیت، سیاسی و دینی انجمنوں کا خراج عقیدت

مولانا قلب صادق کے اِنتقال پر تعزیت، سیاسی و دینی انجمنوں کا خراج عقیدت
اسلام ٹائمز۔ بزرگ شیعہ عالم دین مولانا کلب صادق کے انتقال پر اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا، جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان اور پیروان ولایت نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مولاناکلب صادق جو آل اِنڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ (اے آئی ایم پی ایل بی) کے نائب صدر بھی تھے کے اچانک اِنتقال پر بہت دُکھ ہوا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وہ ایک معروف اِسلامی سکالر، ممتاز ماہر تعلیم، مبلغ، وحدت اور ترقی پسند سوچ کے داعی تھے۔ اپنے پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے مرحوم کی روح کے اَبدی سکون کے لئے دعا کی اور سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اِظہار کیا ہے۔

دریں اثنا انجمن شرعی شیعیان اور جموں و کشمیر پیروان ولایت نے لکھنو کے بزرگ عالم دین و معروف خطیب مولانا سید کلب صادق نقوی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی نے سوگوار خانوادے بالخصوص مرحوم کے پسماندگان سے تعزیت کی۔ انہوں نے مرحوم کی دینی خدمات، علمی صلاحیتوں اور اوصاف حمیدہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کلب صادق اپنے مخصوص اور دلنشین انداز خطابت کے حوالے سے ایک منفرد عالم دین تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی دینی خدمات اور بھارتی مسلمانوں کے حقوق کی بازیابی کی کاوشوں میں صرف کی۔ ادھر پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کی رحلت ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے غمزدہ کنبے سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کے لئے دعا کی۔
خبر کا کوڈ : 900020
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش