1
Wednesday 2 Dec 2020 20:28

محمود عباس-نیتن یاہو نیا گٹھ جوڑ؛ اسرائیل کیجانب سے فلسطینی اکاؤنٹ میں سوا ارب ڈالر منتقل

محمود عباس-نیتن یاہو نیا گٹھ جوڑ؛ اسرائیل کیجانب سے فلسطینی اکاؤنٹ میں سوا ارب ڈالر منتقل
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے فلسطین کی تمام مالی آمدن اور واجب الاداء اخراجات ادا کر دیئے گئے ہیں۔ فلسطینی وزیر برائے مالی امور اور تحریک "الفتح" کے مرکزی رکن حسین الشیخ نے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے مالی آمدن سے متعلق تمام رقم فلسطینی حکومت کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی ہے جو 3 ارب 76 کروڑ 80 لاکھ اسرائیلی شِکّل (1 ارب 14 کروڑ 50 لاکھ ڈالر) بنتی ہے۔

واضح رہے کہ سال 1993ء میں طے پانے والے اوسلو معاہدے کے مطابق کسٹم، ٹیکسز اور ہر قسم کی بینکاری سے حاصل ہونے والی فلسطینی آمدن تل ابیب کے ہاتھ میں رہے گی جو وہ مناسب مواقع پر رام اللہ کو ادا کرتا رہے گا تاہم جاری سال ماہ جولائی میں بنجمن نیتن یاہو کی جانب سے مزید 30 فیصد فلسطینی سرزمین کے اسرائیل کے ساتھ الحاق اور 15 ستمبر کے روز عرب ممالک کی جانب سے غاصب و بچوں کی قاتل صیہونی رژیم کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کر لئے جانے پر امریکہ و اسرائیل سے ہر قسم کے رابطے توڑ لینے پر مبنی محمود عباس کے اعلان کے بعد اسرائیل کی جانب سے فلسطینی حکومت کو ان رقوم کی ادائیگی بھی روک لی گئی تھی۔

دوسری طرف 6 ماہ قبل بھی "فلسطینی شہداء کے خاندانوں اور اسرائیل میں قید فلسطینی قیدیوں پر خرچ کئے جانے" کے بہانے سے غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے فلسطینی مالی آمدن کا ایک حصہ روک لیا گیا تھا تاہم چند ہفتے قبل فلسطینی حکومت کی جانب سے بعض یورپی اداروں کو پیغام دیا گیا تھا کہ اگر امریکی صدارتی انتخابات میں جوبائیڈن جیت گئے تو وہ اسرائیل کے ساتھ سکیورٹی تعاون کو بحال کر دے گی۔ بنابرایں امریکہ میں آنے والی صدارتی تبدیلی کے بعد فلسطینی حکومت نے یورپی اداروں کے ساتھ بند دروازوں کے پیچھے متعدد مذاکرات انجام دیئے۔

قابل ذکر ہے کہ ان مذاکرات کے چند دن بعد 17 نومبر 2020ء کے روز ہی فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ نے اعلان کر دیا تھا کہ اسرائیل نے ایک نئے معاہدے کے تحت فلسطینی حکومت کے ساتھ طے شدہ اپنے تمام معاہدوں پر عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی ہے لہذا تل ابیب کے ساتھ تمام تعلقات دوبارہ بحال کر دیئے جائیں گے، جس کے نتیجے میں 6 ماہ قبل سے روکی گئی فلسطینی آمدن اب محمود عباس کو لوٹا دی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 901260
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش