0
Tuesday 9 Aug 2011 19:42

ایم کیو ایم امریکی مافیا ہے، جو کراچی میں بدامنی پھیلا کر اسے اسرائیل بنانا چاہتی ہے، رسول بخش پلیچو

ایم کیو ایم امریکی مافیا ہے، جو کراچی میں بدامنی پھیلا کر اسے اسرائیل بنانا چاہتی ہے، رسول بخش پلیچو
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سندھ کی قوم پرست پارٹی عوامی تحریک کے چیئرمین رسول بخش پلیچو نےالزام عائد کیا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ امریکی مافیا ہے جو کراچی میں بدامنی پھیلا کر اسے اسرائیل بنانا چاہتی ہے۔ پاکستانی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے پروگرام فرنٹ لائن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کراچی میں ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنے سے قطعی انکار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے بھگوڑے قائد الطاف حسین استعماری قوتوں کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، جن کا مقصد ملک کے کاروباری مرکز میں قتل و غارت گری برپا کر کے یہاں پاکستان دشمن ممالک کا راستہ ہموار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کراچی پر قابض ہے، عوام جانتے ہیں کہ وہاں کس طرح کے انتخابات ہوتے ہیں، لوگوں کو یرغمال بنا کر نام نہاد انتخابی کامیابی کا ڈھنڈورا پیٹا جاتا ہے، شہر میں لاقانونیت پھیلانا اور اسے غیرمستحکم کرنا ان کا سرفہرست ایجنڈا ہے۔ رسول بخش پلیچو کے مطابق امریکا، برطانیہ، اسرائیل و دیگر ممالک ایم کیو ایم کو ہر طرح کا ساز و سامان فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کا کہا کہ ملک کے اقتصادی حب کہلانے والے شہر میں 10 ہزار لوگ قتل ہو جاتے ہیں لیکن کسی فرد کو پھانسی تو درکنار مقدمہ تک درج نہیں ہونے دیا جاتا۔
قوم پرست رہنما نے کہا کہ پیپلزپارٹی حکومت میں ہونے کے باوجود اس امریکی مافیا کے سامنے بےبس ہے اور وہ جب چاہتے ہیں اسے پاؤں چاٹنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔ رسول بخش پلیچو کے مطابق جو میڈیا پرسن ایم کیو ایم کو کراچی کی نمائندہ جماعت تصور کرتے ہیں وہ یا تو بہت معصوم ہیں یا پھر ہمیں بے وقوف سمجھتے ہیں، ایسا کرنے والے اینکر پرسن یاد رکھیں کہ اس من گھڑت پروپیگنڈے کو عوامی حمایت کبھی نہیں مل سکتی۔
انہوں نے دعوی کیا کہ وہ حالات پر ضرورت سے زیادہ نظر رکھتے ہیں اور سپریم کورٹ کے وکیل ہونے کے ساتھ ساتھ سندھ بھر کے عوام کی نمائندگی بھی کرتے ہیں۔ رسول بخش پلیچو نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کی پارٹی کو مسلح کرے تاکہ کراچی کے شہریوں کو دہشت گرد تنظیم ایم کیو ایم سے نجات دلائی جا سکے۔
اس موقع پر شریک گفتگو سابق وفاقی وزیر اقبال حیدر ایڈووکیٹ نے کہا کہ کراچی میں ایم کیو ایم، پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے مضبوط دہشت گرد ونگ بنے ہوئے ہیں جو بے گناہ لوگوں کو بڑی تعداد میں قتل کر رہے ہیں۔ اقبال حیدر نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ نے پاکستان پیپلزپارٹی اور نواز لیگ سے بھی زیادہ عرصہ اقتدار کے مزے لوٹے، وفاقی، صوبائی اور میونسپل نظام میں بھی پوری طرح حصہ دار تھے لیکن انہوں نے کراچی کے مسائل حل کرنے کے بجائے صرف احساس محرومی پیدا کیا اور بدامنی پھیلائی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں حالات کنٹرول کرنے کے لیے پولیس کو 1995ء جیسا اختیار دیا جائے۔
واضح رہے کہ پروگرام کے دوران ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ان کا مؤقف لینے کے لیے متعدد بار کوشش کی گئی، تاہم انہوں نے اس سے صاف انکار کر دیا۔
خبر کا کوڈ : 90554
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش