0
Wednesday 23 Dec 2020 20:48

آئی جی گلگت بلتستان کی زیر صدارت اجلاس، سکردو روڈ پر ٹریفک پلان ترتیب

آئی جی گلگت بلتستان کی زیر صدارت اجلاس، سکردو روڈ پر ٹریفک پلان ترتیب
اسلام ٹائمز۔ سپریم اپیلیٹ کورٹ کے احکامات کی روشنی میں انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان ڈاکٹر مجیب الرحمٰن خان کی سربراہی میں پولیس ہیڈ کوارٹرز میں میٹنگ ہوئی، جس کا مقصد سکردو روڈ پر عوام الناس کو درپیش مشکلات کا ازالہ تھا۔ میٹنگ میں ایس سی او، این ایچ اے اور ایف ڈبلیو او کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ ضلع گلگت کے ایس ایس پی اور ضلع سکردو کے ایس ایس پی بھی میٹنگ میں شریک تھے۔ اجلاس میں سکردو روڈ کے توسیعی منصوبے پر کام کے دوران عوام الناس و مسافروں کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیا گیا اور ان کے تدارک کے لئے مشترکہ حکمت عملی اپنائی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میجر بلاسٹنگ کے دوران عوام الناس اور ٹرانسپورٹرز کو بروقت مطلع کیا جائے گا۔ ضلع سکردو اور ضلع گلگت کی پولیس نفری سکردو روڈ پر تعینات ہوگی جو ٹریفک کی آمد و رفت کو بہتر طریقے سے سنبھالے گی۔

ٹرکوں اور بڑی بسوں کو غروب آفتاب تا طلوع آفتاب سفر کی اجازت ہوگی۔ این ایچ اے، ایف ڈبلیو او، ایس ایس پی سکردو اور ایس ایس پی گلگت سکردو روڈ پر ٹریفک کے لئے مشترکہ پلان ترتیب دینگے۔ تمام سٹیک ہولڈرز ٹرانسپورٹ مالکان کے ساتھ میٹنگ کرینگے اور ٹریفک شیڈول متعین کیا جائے گا۔ ایمرجنسی گاڑیوں اور وی آئی پی گاڑیوں کو روکا نہیں جائے گا البتہ اس میں تمام سٹیک ہولڈرز آپس میں مشاورت کرینگے۔ عوام الناس، مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو سکردو روڈ پر ٹریفک شیڈول پر مبنی بروشرز تقسیم کئے جائینگے۔ ایف ڈبلیو او سکردو روڈ پر ٹریفک کے کونز، جھنڈیاں اور سائن بورڈز فراہم کرے گا۔ میٹنگ میں ڈی آئی جی اویس احمد ملک، اے آئی جی سپیشل برانج حنیف اللہ خان، کمانڈنٹ اے آر پی سلطان فیصل، اے آئی جی محمد جمیل، اے آئی جی عبداللہ خان، ایس پی آفتاب، رجسٹرار حسین اللہ بیگ و دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 905749
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش