0
Tuesday 5 Jan 2021 02:00
وزیراعظم خود آکر معاملات دیکھیں، آغا رضا

شیخ رشید کوئٹہ دھرنے میں پہنچ گئے، سانحہ مچھ پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان

صوبائی حکومت کے استعفے کے سوا تمام مطالبات مانتا ہوں
شیخ رشید کوئٹہ دھرنے میں پہنچ گئے، سانحہ مچھ پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید سانحہ مچھ کے خلاف ہزارہ برادری کے دھرنے میں کوئٹہ پہنچ گئے، جہاں انہوں ںے سانحہ پر جوڈیشل کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید ہزارہ برادری سے مذاکرات کے لیے ان کے احتجاجی کیمپ پہنچے، جہاں انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مچھ سانحہ ظلم اور زیادتی ہے، اس سانحے پر شرمندہ ہوں، وزیراعظم نے خصوصی طور پر اپنا جہاز دے کر کوئٹہ بھیجا، وزیراعظم نے پیغام دیا ہے کہ کسی صورت سانحہ مچھ کے مجرموں کو نہیں چھوڑیں گے، یقین دلاتا ہوں کہ مچھ میں دہشت گردی کرنے والوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آپ عظیم لوگ ہیں، جو قربانی دیتے ہیں اور ملک کے ساتھ وفاداری نبھاتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف ہماری گلی سے بھی چار جنازے اٹھے ہیں، دہشت گردوں نے 4 مرتبہ مجھ پر بھی حملہ کیا، آپ شہداء کی تدفین کرائیں، آپ جو دن تجویز کریں، اسلام آباد آجائیں، تمام شیعہ برادری کو مکمل سکیورٹی دی جائے گی جبکہ مچھ سانحہ کے متاثرین کو صوبائی حکومت 15 لاکھ روپے اور وفاقی حکومت 10 لاکھ روپے دے گی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنما آغا سید محمد رضا نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خود کوئٹہ تشریف لائیں، وزیراعظم خود یہاں آئیں اور ان سب معاملات کو دیکھیں، 22 سال سے ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمیں جینے کا حق ملنا چاہیئے، ہمارے تاجروں کو کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور کر دیا گیا، ہمیں نفسیاتی اور اقتصادی طور پر ٹارچر کیا جا رہا ہے، لاپتہ افراد میں اگر کوئی مجرم ہے تو عدالت میں پیش کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کل آتی تو شاید لوگوں کو اس صدمے میں اتنی زحمت نہ اٹھانا پڑتی، ہمارا مطالبہ ہے کہ بلوچستان کابینہ فوری مستعفی ہو اور مچھ سانحے کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیٹی کا اعلان کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے سانحہ مچھ سے متعلق جوڈیشل کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کے استعفے کے سوا تمام مطالبات مانتا ہوں، آج یا کل صبح وزیراعظم کو مظاہرین کے پیغام سے آگاہ کروں گا، لاپتہ افراد کے معاملے پر وزیراعظم سے ملاقات کراؤں گا۔
خبر کا کوڈ : 908128
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش