0
Wednesday 6 Jan 2021 22:10

شیعہ علماء کونسل کا جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان

شیعہ علماء کونسل کا جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی، مرکزی نائب صدر علامہ مظہر عباس علوی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی اخوانزادہ نے شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے جنرل سیکرٹری مولانا جعفر حسین نقوی، مولانا غلام قاسم جعفری، مولانا کوثر عباس حیدری، مولانا وزیر حسین کاظمی، نیئر اقبال بلوچ کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان مچھ کے علاقے گیشتری میں ہونے والے لرزہ خیز سانحہ جس میں گیارہ معصوم بے گناہ محنت کشوں کا ہاتھ پاﺅں باندھ کر بے دردی سے قتل سفاکیت کی بدترین مثال ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ کوئٹہ میں گذشتہ تین روز سے ہزارہ قبیلے کے ہزاروں مرد و زن بچوں اور بوڑھوں کا شدید سردی میں اپنے اپنے شہداء کی میتوں کے ہمراہ دھرنا جاری ہے اور حکمرانوں کی جانب سے ہزارہ کے مظلوم عوام کی اب تک کوئی خاطر خواہ داد رسی نہیں کی گئی، جس سے ملک بھر میں مکتب تشیع میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، اس ضمن شیعہ علماء کونسل پاکستان مچھ کے علاقہ گیشتری میں لرزہ خیز واقعہ کی شدید مذمت اور خانوادہ شہداء سے اظہار تعزیت و اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ کوئٹہ میں تسلسل کے ساتھ ہزارہ قبیلے کے افراد کا قتل عام کرنیوالوں کیخلاف فیصلہ کن ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے اور سفاک قاتلوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے شکنجے میں جکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

کوئٹہ میں ظلم کی داستان کا یہ عالم ہے کہ سانحہ مچھ کے باعث ایک خاندان میں میتیں دفنانے کیلئے کوئی مرد تک نہیں بچا، تکفیری دہشتگرد مائنڈ سیٹ عناصر کی جانب سے منصوبہ بندی کے ساتھ دہشتگردی کے اس واقعہ کو ہائبرڈ وار فئیر کا نام دے کر عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا، پوری دنیا جانتی ہے کہ ایک خاص مائنڈ سیٹ کے لوگ عرصہ دراز سے ملک میں دہشتگردی میں ملوث ہیں۔ ہمارا قانون نافذ کرنے والے اداروں سے سوال ہے کہ نیشنل ایکشن پلان، ضرب عضب اور دیگر درجنوں آپریشنز کے بعد بھی وہ کوئٹہ میں ہزارہ قبیلے کے تحفظ اور ملک بھر میں دیگر ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی روک تھام میں ناکام کیوں ہیں؟، تاحال ایسے واقعات میں ملوث قاتلوں کو گرفتار کیوں نہیں کیا جاسکا اور وہ دندناتے کیوں پھرتے ہیں۔؟

بیسیوں قاتلوں کا جتھہ واردات کرکے کیسے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا؟ قاتل اتنے طاقتور کیوں ہیں؟ سفاک قاتلوں کی جانب سے گیشتری میں 10 ہزارہ محنت کشوں کو ہاتھ پاﺅں باندھ کر بے دردی سے تیز دھار آلہ سے ذبح کرنے جیسی درندگی اور سفاکیت پر انسانی حقوق کے ادارے، مزدور تنظیمیں خاموش کیوں ہے۔؟ اسی بے حسی کے خلاف علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کی جانب سے سانحہ گیشتری کے خلاف 8 جنوری بروز جمعہ بعد از نماز جمعہ ملک گیر یوم احتجاج منایا جائے گا، جبکہ یہ احتجاج بین الاقوامی سطح پر بھی ریکارڈ کرایا جائے گا۔ یہاں یہ امر واضح رہے کہ اگر ہزارہ قبیلے کے شہداء کے ورثاء کے مطالبات کو تسلیم نہ کیا گیا تو یہ پرامن احتجاجی مظاہرے ملک گیر دھرنوں میں بھی تبدیل ہوسکتے ہیں۔

علامہ عارف واحدی کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار ملت جعفریہ ہوئی ہے اور علامہ سید ساجد علی نقوی نے ہمیشہ صبر کا درس دیا اور اپنی ہر تقریر میں اتحاد امت کا عملی پیغام دیا، اسی لیے ہم نے ہمیشہ کہا کہ اس ملک میں فرقہ واریت نہیں بلکہ دہشتگردی ہے اور چند تکفیری اس دہشتگردی میں ملوث ہیں۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ہمیشہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خاتمہ کی بات کی ہے، کیونکہ دہشتگردوں کے نیٹ ورک کے خاتمہ تک ملک میں حقیقی معنوں میں امن و امان قائم نہیں ہوسکتا۔ اس ملک میں پائیدار امن کیلئے قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری بنانے کا وعدہ پورا کرے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ آپ کے توسط سے موجودہ حکومت کی توجہ ایک اہم ایشو کی جانب مبذول کروانا چاہتا ہوں کہ پاکستان ایک محنت کش قوم ہے، لیکن کچھ عرصہ سے بعض بیرونی دباﺅ اور پالیسیوں کے سبب یو اے ای میں کاروبار اور نوکریوں کے ذریعہ ملک میں کثیر زر مبادلہ بھیجنے والے ہم وطنوں کو نوکریوں سے نکالا جا رہا ہے، جس کے باعث ان نوکریوں پر انحصار کرنے والے خاندان بدترین مشکلات کا شکار ہیں، ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وزارت خارجہ اس اہم مسئلہ کے حل کیلئے یو اے ای حکومت سے بات کرے اور پاکستانی شہریوں کے یو اے ای میں کاروبار اور نوکریوں پر عائد پابندیوں کے خاتمے اور ان کے کاروبار و نوکریوں کی بحالی کے لئے ہنگامی سطح پر اقدامات کرے۔
خبر کا کوڈ : 908588
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش