0
Saturday 9 Jan 2021 18:24
ہمارے اداروں نے مسلکی تصادم کو روکنے میں بہترین کام کیا

وزیراعظم سےکوئٹہ میں مچھ متاثرین کی ملاقات، سکیورٹی اور تعاون کی یقین دہانی

وزیراعظم سےکوئٹہ میں مچھ متاثرین کی ملاقات، سکیورٹی اور تعاون کی یقین دہانی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے ہزارہ برادری کے ساتھ ہونے والے ظلم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت ہے۔ کوئٹہ کے دورے پر ہزارہ براردی کے متاثرین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ مچھ کے متاثرین کا خیال رکھیں گے اور ہزارہ برداری کو بھرپور تحفظ فراہم کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کا ایک سیل بن رہا ہے، جس کا مقصد ہزارہ برادری کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندان اور پوری برادری کو اعتماد دلائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے پاکستان میں شیعہ سنی فسادات کرانے کی کوشش کی اور مارچ میں ہی کابینہ کو بھارت کی پاکستان میں فرقہ وارانہ تصادم کی کوششوں سے آگاہ کردیا گیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دہشت گرد تنظیم داعش کو بھارت کی مکمل اور بھرپور مدد اور حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ لشکر جھنگوی سمیت دہشت گرد گروپوں اور داعش کا اتحاد ہوچکا ہے۔

علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ افغان جہاد ختم ہونے کے بعد عسکری گروہوں نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا۔ وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کی تباہی میں وہاں کے سرداری سسٹم کا بھی کردار ہے۔ ماضی میں ترقیاتی فنڈز سرداروں کے ذریعے دیئے جاتے تھے، سردار امیر ہوگئے جبکہ بلوچستان کے عوام غریب رہ گئے، جام کمال اچھے وزیراعلیٰ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت بلوچستان پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے پاک فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خفیہ ادارے اور افواج بہترین ہیں، ہمارے اداروں نے کئی دہشتگردوں کو دہشتگردی سے قبل ہی گرفتار کیا، ہمارے اداروں نے مسلکی تصادم کو روکنے میں بہترین کام کیا، ہماری ایجنسیز نے بھارتی عزائم کو ناکام بنایا۔ انکا کہنا تھا کہ ہماری سکیورٹی ایجنسیز مسلسل اقدامات کر رہی ہیں۔

خیال رہے کہ آج وزیراعظم عمران خان کوئٹہ پہنچے، جہاں انہوں نے سانحہ مچھ کے متاثرین سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان سے مچھ کے متاثرین اور شہداءکمیٹی نے سردار بہادر خان یونیورسٹی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ہزارہ کمیونٹی کے عمائدین، مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء سید آغا رضا اور مشیر کھیل عبدالخالق ہزارہ بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے انہیں سانحہ کے قاتلوں کو پکڑنے کی حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا اور مالی پیکیج کے بارے میں بھی بتایا۔ قبل ازیں عمران خان کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاوٴس میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید، صوبائی وزراء، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، آئی جی پولیس، آئی جی ایف سی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے علیحدہ ملاقات بھی کی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سانحہ مچھ کے شہداء کو چھ روز کے بعد آج ہی سپرد خاک کیا گیا تھا، جس کے بعد وزیراعظم عمران خان کوئٹہ پہنچے تھے۔ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزراء علی زیدی، زلفی بخاری، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال خان پر مشتمل وفد نے ہزارہ برادری سے ملاقات کی اور سانحہ مچھ کے خلاف دھرنا دینے والے مظاہرین کو دھرنا ختم کرنے کے لیے آمادہ کیا اور ان سے کامیاب مذاکرات کیے تھے۔
خبر کا کوڈ : 909148
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش