0
Friday 15 Jan 2021 00:38

پی پی رہنماء فیصل کریم کنڈی کی علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات، سانحہ مچھ پر اظہار تعزیت

پی پی رہنماء فیصل کریم کنڈی کی علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات، سانحہ مچھ پر اظہار تعزیت
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے ایک وفد کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور سانحہ مچھ پر تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم سید ناصر عباس شیرازی بھی موجود تھے، پیپلزپارٹی رہنماء نے کہا کہ ہزارہ کمیونٹی کے معصوم افراد کا جس بے دردی سے قتل کیا گیا، اس کی مثال نہیں ملتی۔ ذمہ دار عناصر کو عبرتناک انجام سے دوچار کرکے اہل خانہ کو انصاف فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ دہشت گردی کے عفریت نے اس ملک سے ایسی قیمتی شخصیات چھینی ہیں، جن کا کوئی نعم البدل نہ تھا۔ ہماری رہنماء محترمہ بے نظیر بھٹو کو بھی اسی دہشت گردی کے نتیجے میں جان سے ہاتھ دھونے پڑے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ دہشت گرد قومی سلامتی اور استحکام کے دشمن ہیں، جب تک وطن عزیز کو ان کے غلیظ وجود سے پاک نہیں کیا جاتا، تب تک ملک کا کوئی بھی شہری محفوظ نہیں۔ انہوں نے قومی سلامتی کے ذمہ دار اداروں سے مطالبہ کیا کہ سانحہ مچھ میں ملوث شدت پسندوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے ان کے ٹھکانوں کو تباہ کیا جائے، جنہیں دہشتگردوں نے اپنی محفوظ پناہ گاہ سمجھ رکھا ہے۔
خبر کا کوڈ : 910224
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش