0
Saturday 16 Jan 2021 21:56

یو اے پی اے کے غلط استعمال سے بی جے پی حکومت کے آمرانہ سلوک کا پتہ چلتا ہے، جاگیر کور

یو اے پی اے کے غلط استعمال سے بی جے پی حکومت کے آمرانہ سلوک کا پتہ چلتا ہے، جاگیر کور
اسلام ٹائمز۔ امرتسر شرومنی گرودوارہ انتظامی کمیٹی (ایس جی پی سی) کی چیئرپرسن جاگیر کور نے کسانوں کی آواز دبانے کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت کے ذریعہ اختیار کی جانے والی حکمت عملی کی شدید مذمت کی۔ جاگیر کور نے کہا کہ کسان تحریک میں شامل کسانوں اور لوگوں کو نوٹس جاری کرنا حکومت کی تاناشاہی پالیسی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت یو اے پی اے (انسداد غیر قانونی سرگرمیاں ایکٹ) کا استعمال تحریک سے وابستہ لوگوں کو دبانے کے لئے کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے کسان اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں لیکن مودی حکومت سچائی اور انصاف کی آواز دبانے کے لئے سرکاری مشینری کا استعمال کررہی ہے، جو قابل برداشت نہیں ہے۔

جاگیر کور نے نریندر مودی سے پوچھا کہ اگر کوئی اپنے ساتھ ہونے والے مظالم اور ناانصافی کی مخالفت کرتا ہے تو کیا وہ ملک مخالف ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا آئندہ نسلوں کی فکر کرنا اور اپنے حقوق کے لئے لڑنا فرقہ واریت ہے۔ ایس جی پی سی چیئرمین نے کہا کہ مودی حکومت کسانوں کے جائز مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرنے کے بجائے اپنے تکبر اور گھمنڈ سے جمہوریت کو تباہ کررہی ہے۔ جاگیر کور نے کہا کہ خاص طور پر اقلیتوں کے تئیں حکومت کا سلوک جابرانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد عوام کے مفادات کا تحفظ کرنا ہونا چاہیئے اور اپنی ضد پر اڑنا نہيں چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کسان جدوجہد پُرامن طریقے سے جاری ہے لیکن بی جے پی حکومت جان بوجھ کر اسے اپنے اثر و رسوخ سے داغدار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت لوگوں کو اکسانے کے لئے ہر ہتھکنڈہ کا استعمال کررہی ہے۔۔ جاگیر کور نے کہا کہ بی جے پی حکومت آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرکاری ایجنسیوں کا استحصال کررہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 910573
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش