0
Sunday 17 Jan 2021 18:48

لاہور پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کی بلیک بک تیار کرلی

لاہور پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کی بلیک بک تیار کرلی
اسلام ٹائمز۔ لاہور پولیس جرائم پیشہ عناصر کیخلاف سرگرم ہوگئی۔ انڈر ورلڈ ڈان سے چور اُچکوں تک سب کی گرفتاری کیلئے بلیک بک تیار کرلی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں 5 ہزار 232 غنڈوں اور بدمعاشوں کے ناموں کی "بلیک بک" تیار کرکے انہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیلنے کیلئے پولیس نے کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ حساس اداروں کی مدد سے تیار کی گئی لاہور پولیس کی "بلیک بک" میں 5 ہزار 232 ناموں میں سٹی ڈویژن کے 1 ہزار 231، کینٹ ڈویژن کے 961، اقبال ٹاؤن ڈویژن کے 831، سول لائنز ڈویژن کے 801، ماڈل ٹاؤن ڈویژن 712 جبکہ صدر ڈویژن کے 699 جرائم پیشہ افراد کے نام شامل ہیں۔ بلیک بک میں جرائم پیشہ افراد کے نام، پتے، جرائم کی نوعیت، درج مقدمات کے علاوہ پشت پناہی کرنیوالی سیاسی و سماجی شخصیات سمیت دیگر ضروری تفصیلات درج ہیں۔

بک میں ایک طرف بڑے بڑے دہشت کی علامت نامور انڈر ورلڈ ڈان کے نام ہیں تو دوسری طرف چوری چکاری اور ناجائزفروشی میں شامل معمولی چور بھی شامل ہیں۔ بلیک بک میں اجرتی قاتلوں، قبضہ گروپوں، منشیات فروشوں، قحبہ خانے چلانے والوں، ریکارڈ یافتہ چورڈاکو اور بدمعاشوں کے علاوہ جھوٹے گواہوں اور ٹائوٹوں کے نام بھی شامل ہیں، جبکہ شہر میں ڈالہ گاڑیوں پر مسلح سکواڈ کے ہمراہ گھومنے اور دہشت پھیلانے والے مافیاز کیخلاف بھی شکنجہ کسا جا رہا ہے۔ پولیس نے گزشتہ 3 دنوں میں شہر کے بڑے بدمعاشوں اور انڈر ورلڈ مافیا طیفی بٹ، گوگی بٹ، ٹیپو ٹرکان والے کے بیٹے بالاج ٹیپو سمیت دیگر کے ڈیروں اور گھروں پر چھاپے مارے اور کریک ڈاؤن کے دوران اب تک 137 ریکارڈ یافتہ ملزموں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

گرفتار کیے گئے افراد کیخلاف غنڈہ ایکٹ کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ با اثر ریکارڈ یافتہ ملزمان کی نظربندی کے احکامات بھی جاری کئے جا رہے ہیں۔ حالیہ صورتحال میں انڈر ورلڈ مافیا سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد انڈر گراؤنڈ چلے گئے ہیں اور کئی شہر سے روپوش ہو رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 910720
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش