0
Wednesday 20 Jan 2021 20:42

گپکار الائنس توقع سے قبل ہی ٹوٹ گیا ہے، سید الطاف بخاری

گپکار الائنس توقع سے قبل ہی ٹوٹ گیا ہے، سید الطاف بخاری
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کے عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ سے اخراج کو ’بے اصول اور موقعہ پرست اتحاد‘ کے ٹوٹ جانے کی شروعات قرار دیتے ہوئے جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف احمد بخاری نے کہا کہ یہ صورتحال لوگوں کی توقعات سے بہت پہلے ہی پیدا ہوئی۔ سید الطاف بخاری نے کہا کہ عوامی اتحاد کی قیادت معرض وجود میں آنے کے دن سے ہی فراڈ، دھوکہ دہی اور لوگوں کے جذباتی بلیک میل میں ملوث رہی تاکہ اس کی اکائیوں کو سیاسی طور فعال رکھا جائے اور حالیہ منعقد ہوئے ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات میں فوائد حاصل کئے جائیں۔ الطاف بخاری نے کہا کہ یہ صورتحال بہت پہلے ہی پیش آئی اور ہم نے اس کے بارے میں سوچا نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی اتحاد کے دستخط کنندگان کی یہ ساری سیاسی اچھل کود لوگوں کے جذبات سے کھیلنا تھا اور اسے اپنے انتخابی فائدے کیلئے استعمال کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وقت آیا ہے جب نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کی قیادت کو اپنا محاسبہ کرکے لوگوں کا استحصال کرنے سے گریز کرنا چاہیئے۔

جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر نے کہا کہ ’’نام نہاد‘‘ گپکار الائنس نے پہلے ہی لوگوں کے مزاج کو بھانپ لیا تھا جو ان کے انتخابی وعدوں اور قیادت کے بلند دعوؤں کے نتائج دیکھنے کے متمنی تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پارٹیاں جموں کشمیر کے لوگوں کو مختلف نعروں سے دھوکہ دیتے رہی ہیں لیکن اب جموں کشمیر میں کوئی ان کے نعروں کا خریدار نہیں ہے اور ان موقعہ پرست سیاسی جماعتوں کے بہکاوے میں آنے والا نہیں ہے۔ لوگوں نے پہلے ہی اس اتحاد کے ٹوٹ جانے کی پیش گوئی کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز کانفرنس کے نام نہاد ’گپکار الائنس‘ سے اخراج سے لوگوں کو پتہ چل گیا ہے کہ حقیقی بی ٹیم کون ہے اور بادشاہ کی جماعت کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل تک جو ہمیں برا بھلا کہہ رہے تھے، اب جان چکے ہوں گے کہ کون بی ٹیم ہے۔ اپنی پارٹی کے صدر نے کہا کہ ان کی جماعت سچی سیاست کے لئے وعدہ بند ہے اور کبھی سیاسی تماشہ بازی نہیں کریں گی جو نام نہاد ’’عوامی اتحاد‘‘ میں شامل جماعتوں کا شیوہ رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 911344
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش