0
Sunday 14 Aug 2011 00:24

حکومت ہڑتال کی آڑ میں ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے، جماعت اسلامی

حکومت ہڑتال کی آڑ میں ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے، جماعت اسلامی
کراچی:اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے قائم مقام امیر برجیس احمد نے کمشنری نظام کے خلاف قوم پرستوں کی ہڑتال کے موقع پر جلاؤ گھیراؤ اور بے گناہ شہریوں کے زخمی و ہلاک ہونے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ کسی بھی نظام کے خلاف احتجاج اور ہڑتال سیاسی جماعتوں کا آئینی و جمہوری حق ہے مگر احتجاج کی آڑ میں بےگناہ شہریوں پر فائرنگ کرنا انہیں ہلاک کرنا، عوامی املاک کو آگ لگانے اور خوف و ہراس کا ماحول پیدا کرنا کسی بھی طرح جمہوری رویہ نہیں، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی موجودگی کے باوجود ہڑتال کو کامیاب بنانے کیلئے شرپسندوں کی ہنگامہ آرائی لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال کو کامیاب بنانے کیلئے 12 اگست کی رات سے ہی جلاؤ گھیراؤ کا سلسلہ شروع کردیا گیا تھا جس کی وجہ سے شہریوں میں خوف و ہراس پیدا ہوا مگر حکومت نے شرپسندوں کے خلاف عملاً کوئی کاروائی نہیں کی اور نہ ہی شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے اقدامات کئے۔ دہشت گرد کھلے عام فائرنگ کرتے رہے جس کے نتیجے میں عام شہری حتی کہ سٹی کورٹ جیسے اہم ادارے کے قرب و جوار میں دن دہاڑے کورٹ کے احاطے میں 2 وکیل بھی زخمی ہوگئے۔
برجیس احمد نے کہا کہ جماعت اسلامی انسانی جانوں کو ہلاک و زخمی کئے جانے، عام شہریوں کی املاک اور پبلک ٹرانسپورٹ کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی طورپر حمایت نہیں کرتی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت جلاؤ گھیراؤ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف کارروائی کرے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
خبر کا کوڈ : 91594
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش