0
Monday 1 Mar 2021 18:13

کورونا وبا ختم نہیں ہوئی، احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، طاہر القادری

کورونا وبا ختم نہیں ہوئی، احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، طاہر القادری
اسلام ٹائمز۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ کووڈ 19 کی وبا ختم نہیں ہوئی یہ جان لیوا وائرس بڑے پیمانے پر جانی نقصان کر رہا ہے، لہذا احتیاطی تدابیر کو ترک نہ کیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے منہاج القرآن کے اندرون و بیرون مقیم کارکنان اور منہاج القرآن کے ذیلی انسٹی ٹیوشنز کی ایڈمنسٹریشن کو ہدایت کی ہے کہ احتیاطی تدابیر کے ضمن میں کوئی سستی اور غفلت نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت یورپ، امریکہ میں کورونا وائرس کے باعث انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ پاکستان میں روزانہ درجنوں اموات ہو رہی ہیں اور ہزاروں افراد آج بھی کورونا وائرس کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے کھل چکے اور تعلیمی سرگرمیاں پوری طرح بحال ہو چکی ہیں۔ اساتذہ، والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کیے جانے کے حوالے سے طلباء و طالبات کو ایجوکیٹ کریں اور صفائی کا تصور اور اس کی اہمیت کو اجاگر کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام وہ واحد الہامی ضابطہ حیات ہے جو صفائی کو نصف ایمان قرار دیتا ہے اگر اس ایک الوہی تعلیم پر اس کی روح کے مطابق عمل کر لیا جائے تو ماحولیاتی آلودگی اور امراض سے نجات مل جائے گی۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں بھی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پبلک مقامات پر غیر ضروری آمد و رفت کو محدود کیا جائے، ماسک استعمال کیا جائے اور ہاتھوں کو بار بار دھویا جائے۔ تازہ وضو کے ساتھ نماز پنجگانہ کی ادائیگی کووڈ 19 سے بچنے کی ایک بہترین تدبیر ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ جو افراد کورونا وائرس کی علامات محسوس کر لیں وہ فوری طور پر خود کو الگ تھلگ کرکے علاج کی طرف توجہ دیں۔
خبر کا کوڈ : 919054
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش