0
Monday 1 Mar 2021 21:08

لاہور، خاتون اول بشریٰ عمران کا داتا دربار کے قریب پناہ گاہ کا دورہ

لاہور، خاتون اول بشریٰ عمران کا داتا دربار کے قریب پناہ گاہ کا دورہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ، خاتون اول بشریٰ عمران نے لاہور میں مزار حضرت داتا گنج بخشؒ کے قریب پناہ گاہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر بشریٰ عمران کی دوست فرح خان بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ خاتون اول بشریٰ عمران نے پناہ گاہ میں سہولتوں کا جائزہ لیا اور پناہ گاہ میں مقیم افراد سے کھانے کے معیار اور رہائشی سہولتوں کے بارے دریافت کیا۔ خاتون اول بشریٰ عمران نے کھانا کھا کر کھانے کا معیار بھی چیک کیا۔ انہوں نے پناہ گاہ میں مقیم افراد کیلئے تیار ہونے والے کھانے کے معیار کی تعریف کی۔ خاتون اول بشریٰ عمران نے پناہ گاہ میں مقیم افراد سے ان کے مسائل بھی پوچھے اور مسائل فوری حل کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ لوگوں نے مسائل کے حل کیلئے ذاتی دلچسپی لینے پر خاتون اول بشریٰ عمران کا شکریہ ادا کیا۔ خاتون اول بشریٰ عمران نے انتظامیہ کو پناہ گاہ میں قیام و طعام کیلئے انتظامات اور سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

خاتون اول کا کہنا تھا کہ پناہ گاہوں کی عمارتوں کی ضروری مرمت کیلئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر مہیا کریں گے، پناہ گاہوں کی عمارتوں کی دیکھ بھال کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں، ہماری حکومت نے کھلے آسمان تلے سونے والے افراد کو چھت دی ہے۔ خاتون اول بشریٰ عمران کا کہنا تھا کہ یہ ان لوگوں پر کوئی احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے، اللہ تعالیٰ نے بھی صلہ رحمی کا حکم دیا ہے، پناہ گاہوں میں مقیم لوگوں کا خصوصی خیال رکھنا ذمہ داری بھی ہے، فرض بھی اور نیکی بھی۔ خاتون اول بشریٰ عمران کا کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت سے خالق بھی راضی ہوتا ہے اور مخلوق بھی۔ پناہ گاہ میں مقیم افراد کا کہنا تھا کہ پناہ گاہ میں گھر جیسا ماحول ہے، پناہ گاہیں بنانا آپ کی حکومت کا مثالی اقدام ہے، پہلے فٹ پاتھ پر رات گزارنی پڑتی تھی، اب یہاں سکون سے سوتے ہیں اور کھانا بھی ملتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 919081
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش