0
Thursday 1 Apr 2021 23:29

بھارت سے تجارت کشمیریوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہے، کاشف سعید شیخ

بھارت سے تجارت کشمیریوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہے، کاشف سعید شیخ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے بھارت کے ساتھ تجارتی روابط کی بحالی، چینی، کپاس اور دھاگہ درآمد کرنے کی منظوری کو کشمیر کے ایک کروڑ سے زائد مسلمانوں کے زخموں پر نمک پاشی، پاکستان کے شہ رگ سے غداری کے مترادف قرار دے دیا۔ اپنے ایک بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ مسلمانوں کے سب سے بڑے قاتل مودی کی جانب سے 5 اگست 2019ء کے دن کشمیر کی بھارتی آئین میں دی گئی خصوصی حیثیت کے خاتمے، کشمیر میں بھارتی شہریوں کو بسانے کے اعلان کے بعد گذشتہ دو سالوں سے زائد عرصے سے کشمیری عوام کیلئے زمین تنگ کر دی ہے، تمام ٹاپ لیڈرشپ نظربند اور ہزاروں نوجوانوں کو گرفتار، جبکہ آئے روز جعلی جھڑپوں میں نوجوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر ظلم و بربریت کے باوجود کشمیری عوام اپنی آزادی کے ایجنڈے سے ایک انچ بھی ہٹنے کیلئے تیار نہیں ہیں، لیکن پاکستان کے موجودہ اور سابقہ حکمرانوں نے بھارت کے ساتھ دوستی کی پینگیں بڑھانے اور تجارتی روابط کی بحالی سے کشمیریوں کے پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو یاد رکھنا چاہیئے کہ بھارت کے ساتھ کسی قسم کے بھی روابط کی بحالی کشمیری عوام کی آزادی اور بھارتی ریاستی مظالم کے بند ہونے تک نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک جانب کشمیر کی ریاستی حیثیت کو ختم، کشمیریوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے مذموم عزائم کے ایجنڈے پر سختی سے عمل کر رہا ہے، تو دوسری جانب پاکستانی حکمران تجارتی روابط کی بحالی کے ذریعے مودی جیسے فاشسٹ کے ہاتھ مضبوط کرکے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کے بھارتی منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں معاون ثابت ہوئے ہیں، جسے پاکستان کے 22 کروڑ عوام ہرگز قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی روز اول سے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہم حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ عالمی سامراجی ایجنڈے کی تکمیل اور بھارت کی خوشنودی کی بجائے کشمیری عوام کی خود مختاری، اپنی شہ رگ کو آزاد کروانے کیلئے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیری عوام کے امنگوں کے عین مطابق سفارتی پالیسی اپنائے۔
خبر کا کوڈ : 924701
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش