0
Friday 2 Apr 2021 22:09

آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کی مجلس وحدت مسلمین کو انتخابی اتحاد کی عوت

آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کی مجلس وحدت مسلمین کو انتخابی اتحاد کی عوت
اسلام ٹائمز۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے وفد نے راجہ ثاقب مجید کی سربراہی میں وحدت سیکرٹریٹ مظفرآباد میں علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر اور کابینہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر میں مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کے کردار کو سراہتے ہوئے راجہ ثاقب مجید نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر نے ہمیشہ بنیادی اور ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔ وفد میں راجہ ثاقب مجید کے ہمراہ یاسر نقوی ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری مسلم کانفرنس ضلع مظفرآباد، سید تصور عباس موسوی کنوینئر حلقہ 4 و 7 جہلم ویلی کے علاوہ منظور انقلابی ممبر مرکزی مجلس عاملہ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس بھی شامل تھے۔ مسلم کانفرنس کے وفد نے قائد مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی طرف سے مجلس وحدت مسلمین کو آمدہ الیکشن میں مسلم کانفرنس کے ساتھ باضابطہ انتخابی اتحاد کی دعوت دی۔

اس موقع پر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے مسلم کانفرنس کے وفد کو وحدت سیکرٹریٹ مظفرآباد آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ آزاد کشمیر کی سیاست میں ریاستی جماعت ہونے کے ناطے آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کا انتہائی اہم رول ہے، مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان نے ریاستی تشخص کی بحالی، نظریہ الحاق پاکستان، تحریک آزادی کشمیر اور مذہبی رواداری کے اداروں کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔ مسلم کانفرنس اور مجلس وحدت مسلمین کے انتخابی اتحاد کی تجویز پر علامہ تصور نقوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کی مدر پارٹی چونکہ پاکستان میں ہے اور یہاں پر ہماری پولٹیکل کونسل بھی موجود ہے ہم یہ معاملہ پولٹیکل کونسل کے سامنے رکھیں گے۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی کے ہمراہ سید ذوالفقار حیدر نقوی ایڈووکیٹ سیکرٹری سیاسیات، سید وقارت حسین کاظمی سیکرٹری میڈیا، سید فدا حسین نقوی سیکرٹری تنظیم سازی، سید رضی عباس سبزواری سیکرٹری یوتھ، خالد محمود عباسی سیکرٹری ویلفئیر، سید عامر علی نقوی سیکرٹری روابط کے علاوہ ضلعی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع مظفرآباد سید غفران علی کاظمی بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 924882
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش