0
Tuesday 6 Apr 2021 19:44

علامہ شیخ نوروز علی نجفی کے انتقال پر علامہ شیخ محمد حسن جعفری کا تعزیتی پیغام

علامہ شیخ نوروز علی نجفی کے انتقال پر علامہ شیخ محمد حسن جعفری کا تعزیتی پیغام
اسلام ٹائمز۔ حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے اپنے پیغام میں مدرسہ جعفریہ کراچی کے مدیر اور سرپرست اعلیٰ حجۃ الاسلام شیخ نوروز علی نجفی (مرحوم) کے انتقال پر تعزیت پیش کی ہے۔ علامہ شیخ محمد حسن جعفری کے پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے:
بسم اللہّٰ الرحمٰن الرحیم
موت العالِم موت العالَم
سرکار دو جہاں کا فرماں اس قدر جامع اور سچا ہے کہ ایک عالم دین کی موت پورے عالم کی موت ہے۔ مدرسہ جعفریہ کراچی کے مدیر و سرپرست اعلیٰ حضرت حجۃ الاسلام الشیخ نوروز علی نجفی صبح کی اولین ساعتوں میں رسالتمآب حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور اُن کے پاک آل کی محبت سے سرشار اور زندگی کے تھکے ماندے مسافر کی طرح سکون کی دائمی نیند سوگئے۔ انا للہ و انا الیہ الراجعون۔

علماء کی زندگی سے ہمیں یہی سبق ملتا ہے کہ دین اور دین داروں سے محبت کی جائے۔ مرحوم ہمیشہ ایسے سایہ دار شجر کی مانند رہے، جس کی گھنی چھاؤں میں ہر شخص راحت و سکون پاتا تھا۔ آج دنیا کے مختلف مقامات پر ان کے شاگرد خدمات سرانجام دے رہے ہیں، یقیناً یہی وہ علمی بہار ہے، جس کی ہم سب کو ضرورت ہے۔ مرحوم کی شخصیت ایسی دل نواز، حیات افروز اور ایسی باغ و بہار تھی، جن کی تمام خصوصیات کو ایک مختصر تحریر میں سمونا مشکل ہے۔ حضرت شیخ صاحب نور اللہ مرقدہ بھی اپنے مقررہ وقت پر، پاک پروردگار کے حکم کی اتباع کرتے ہوئے اس جہاں سے کوچ کرگئے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ حضرت شیخ نوروز علی نجفی رحمۃ اللہ علیہ کی خدمات کو اپنی بارگاہ اقدس میں باحسن وجہ قبول فرمائے اور ان کے صلے میں انہیں اہل بیت اطہار علیہم السلام کے جوارِ رحمت میں بلند درجات عطا فرمائے۔ ان کے تمام لواحقین بالخصوص اہل خانہ اور تمام شاگردوں کو صبر جمیل اور اجر عظیم عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین
خبر کا کوڈ : 925686
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش