0
Thursday 8 Apr 2021 22:37

انجمن شرعی شیعیان کشمیر کے اہتمام سے اجتماعی نکاح خوانی کی تقریب

انجمن شرعی شیعیان کشمیر کے اہتمام سے اجتماعی نکاح خوانی کی تقریب
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم میرگنڈ بڈگام میں اجتماعی نکاح خوانی کی ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں گیارہ جوڑوں کی نکاح خوانی انتہائی سادگی کے ساتھ عمل میں لائی گئی۔ تقریب میں انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن موسوی کے علاوہ کئی علماء نے شرکت کی۔ اس موقع پر علماء نے قرآن و سنت کی نگاہ میں رشتہ ازدواج کے حقیقی مفہوم اور اہمیت و افادیت بیان کی۔ انہوں نے معاشرہ میں رائج شادی بیاہ کے غیر شرعی اور غیر اخلاقی رسومات کو معاشرے کے لئے سم قاتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان رسوماتِ بد کا قلع قمع کرنے کے لئے عملی اقدامات نہیں کئے جائیں گے تو مستقبل میں عقد و نکاح کی سنت کو قائم رکھنا ایک کارے دارد والا معاملہ بن جائے گا۔

علماء کرام نے لین دین سے پاک شادیوں کو حالات اور وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ اس موقع پر آغا سید حسن موسوی نے مناسب عمر میں ازدواجی رشتوں کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ عقد و نکاح کو رسومات سے بہرحال مبرا کرنے کی ناگزیر ضرورت ہے اور اس حوالے سے حضرت فاطمہ (س) کا نکاح نقش راہ ہے۔ انہوں نے میاں بیوی کے حقوق اور فرائض کی وضاحت کرتے ہوئے نو شادی شدہ جوڑوں سے تلقین کی کہ کامیاب اور اطمینان بخش ازدواجی رشتوں کا راز اس بات میں مضمر ہے کہ خاوند ہر سطح پر بیوی کے حقوق اور بیوی ہر سطح پر شوہر سے متعلق اپنے فرائض کے احساس کو زندہ رکھے۔
خبر کا کوڈ : 926080
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش