0
Tuesday 20 Apr 2021 17:59

پاکستانی وزیر خارجہ 3 روزہ سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے، ایرانی ہم منصب اور صدر سے ملاقات کرینگے 

پاکستانی وزیر خارجہ 3 روزہ سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے، ایرانی ہم منصب اور صدر سے ملاقات کرینگے 
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تین روزہ سرکاری دورے پر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے، امام خمینی انٹرنیشنل ائیرپورٹ تہران پہنچنے پر ایرانی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل و ایرانی وزیر خارجہ کے مشیر سید رسول موسوی، ایران میں تعینات پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی اور تہران میں واقع پاکستانی سفارتخانے کے سینیئر افسران نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ اپنے تین روزہ دورہ ایران کے دوران ایران کے صدر حسن روحانی، وزیر خارجہ جواد ظریف سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون، پاکستان اور ایران کے مابین اقتصادی روابط کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے پاکستان اور ایران کے سرحدی علاقوں میں "بارڈر مارکیٹس" کے قیام کے حوالے سے بھی مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔ وزیر خارجہ کے دورہ ایران کے دوران، پاکستان اور ایران کے بارڈر پوائنٹ (مند پشین) کا کھلنا متوقع ہے۔ مند پشین بارڈر گذشتہ چار ماہ میں کھلنے والا دوسرا بارڈر پوائنٹ ہوگا۔

وزیر خارجہ ایرانی قیادت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغان امن عمل میں اب تک سامنے آنے والی پیشرفت اور امریکہ کی جانب سے افغانستان سے افواج کے انخلا کے اعلان کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا۔ وزیر خارجہ تہران میں مقامی و بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو بھی کریں گے۔ پاکستان اور ایران کے مابین، دہائیوں پر محیط، دوطرفہ برادرانہ تعلقات کے استحکام، دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے اور خطے میں امن و امان کی کاوشوں کے تناظر میں وزیر خارجہ کا یہ دورہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔
خبر کا کوڈ : 928313
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش