0
Tuesday 27 Apr 2021 18:59

تل ابیب کے ہر احمقانہ اقدام کا دندان شکن جواب دیا جائیگا، حماس

تل ابیب کے ہر احمقانہ اقدام کا دندان شکن جواب دیا جائیگا، حماس
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی فورس حماس نے اپنے ایک بیان میں اسرائیلی مظالم کے حوالے سے خبردار کیا ہے کہ قدس شریف کے رہائشیوں کے خلاف جاری مظالم کے خاتمے پر گذشتہ 2 روز سے مزاحمتی محاذ کی تاکید کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا لہذا غزہ کا مزاحمتی محاذ اپنی جوابی کارروائیوں میں تیزی لائے گا۔ لبنانی مجلے "الاخبار" کے مطابق حماس نے اپنے بیان میں تاکید کی ہے کہ غاصب صیہونی رژیم کی جارحیت جس قدر بڑھے گی، مزاحمتی محاذ کی جوابی کارروائیوں میں بھی اُسی قدر اضافہ ہو گا۔

الاخبار کا لکھنا ہے کہ صیہونی میڈیا کے مطابق مشرق وسطی کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے ٹور وینیسلینڈ (Tor Wennesland) نے مصری حکام کے ساتھ ملاقات کے بعد اعلان کیا ہے کہ تل ابیب قدس شریف کی صورتحال خراب کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔ ذرائع کے مطابق ٹور وینیسلینڈ نے حماس کو یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ ہر ایسے صیہونی اقدام کے سامنے رکاوٹ بن جائیں گے جو مسلمانوں کی دل آزاری کا سبب ہو تاہم حماس کا کہنا ہے کہ یہ بات فلسطینی انتخابات کے خلاف غاصب صیہونی رژیم کے کھلم کھلا اقدامات کے جواب میں بھی کافی نہیں۔

دوسری طرف فلسطینی مزاحمتی محاذ سے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم نے ثالث فریقوں کی مدد سے حماس کو بھیجے گئے پیغام میں غزہ کو شدید ہوائی حملوں کا نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے جس کے جواب میں حماس نے یہ پیغام دیا ہے کہ وہ ہر قسم کے تناؤ کا مقابلہ کرنے کو تیار ہے جبکہ اس مرتبہ تل ابیب کی جانب سے انجام دیئے جانے والے کسی بھی احمقانہ اقدام کا بھرپور طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا جس میں خصوصی کارروائیاں اور غاصب یہودی بستیوں کے اندر انجام پانے والے ٹارگٹڈ آپریشن بھی شامل ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 929547
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش