0
Wednesday 28 Apr 2021 12:40

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ چیف جسٹس بنیں گے، مریم نواز

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ چیف جسٹس بنیں گے، مریم نواز
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی، مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ انشاء اللّٰہ چیف جسٹس بنیں گے، ان کے خلاف سازش کی گئی۔ مریم نواز اپنی اور اپنے والد میاں نواز شریف کی نیب ریفرنس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کے سلسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئیں۔ اقبال ظفر جھگڑا، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور مریم اورنگزیب بھی مریم نواز کے ساتھ عدالت آئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِاعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ وزیرِاعظم کے آفس میں سپریم کورٹ کے موجودہ جج کے خلاف سازش کی گئی۔ مریم نواز نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ کٹہرے میں کھڑی تھیں، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر جھوٹا ریفرنس بنانے پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں کبھی موجودہ وزیرِ اعظم آفس کے اندر گھناؤنے جرائم کا ارتکاب نہیں ہوا، اداروں کے سربراہوں کو بلا کر کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف یہ مقدمہ کرو، رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف مقدمہ کرو۔ مریم نواز نے کہا کہ ان کرداروں کو ہم کچھ نہیں سمجھتے، اصل بات یہ ہےکہ حکومت کے سربراہ نے کہا کہ فلاں کو جیل میں ڈالو، اس طرح تو ڈان یا گینگ کے سربراہ کرتے ہیں۔ نائب صدر نواز لیگ نے کہا کہ سیاسی انجینئرنگ کے لیے ادارے استعمال کیئے جا رہے ہیں، اتنی سیاسی انجینئرنگ کے باوجود نتیجہ کیا رہا، ہر محاذ پر حکمرانوں کو ناکامی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس شوکت عزیز کی گواہی آن ریکارڈ ہے، اب بشیر میمن کی گواہی آگئی ہے، بشیر میمن ایک ادارے کے سربراہ تھے، ادارے کا سربراہ ذمے داری سے بات کرتا ہے، عدلیہ سے درخواست ہے کہ اس معاملے کو خود دیکھیں، جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو بھی سنا جائے۔ مریم نواز کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ہر شہری جان گیا ہے کہ عمران خان کس قسم کی ذہنیت کے آدمی ہیں، انہوں نے وزیرِاعظم آفس کا غلط استعمال کیا، لوگوں کو سمجھ آگئی ہے کہ سسلین مافیاز کیا ہوتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 929661
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش