0
Thursday 20 May 2021 18:05

متحدہ طلبہ محاذ نے اسرائیل کو دہشتگردی کا اڈہ قرار دیدیا

اسلامی ممالک اسرائیل کیخلاف جاندار موقف اپنائیں، عارف حسین الجانی
متحدہ طلبہ محاذ نے اسرائیل کو دہشتگردی کا اڈہ قرار دیدیا
اسلام ٹائمز۔ متحدہ طلبہ محاذ کے زیراہتمام اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر انتظام مسئلہ فلسطین اور اُمت مسلمہ کا کردار کانفرنس کا انعقاد لاہور میں ہوا۔ کانفرنس میں تمام طلبہ تنظیموں کے مرکزی قائدین نے شرکت کی۔ کانفرنس سے طلبہ رہنماوں نے مطالبہ کیا کہ مسلمان ممالک کو فلسطین اور کشمیر پر ایک موقف اختیار کرنا چاہیئے، مسئلہ فلسطین حل ہونے تک اسرائیل کیساتھ کسی قسم کے سفارتی تعلقات ختم کئے جائیں اور اسلامی ممالک کو اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا چاہیئے۔ کانفرنس سے عارف حسین الجانی مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان، ملک موسیٰ کھوکھر صدر پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن، حمزہ محمد صدیقی صدر اسلامی جمعیت طلبہ، چودھری عرفان یوسف صدر مصطفوی اسٹوڈنٹس مووومنٹ، سہیل چیمہ صدر ایم ایس ایف، غازی الدین بابر جمعیت طلباء اسلام (سمیع الحق) محمد وسیم رہنماء اہلحدیث اسٹوڈنٹس نے خطاب کیا۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمان ممالک کے حکمران غفلت اور خاموشی کو ترک کریں، مسلمان ممالک کے حکمران اپنی اپنی افواج کے سربراہان سے مشاورت کرکے اسرائیل کو واضح پیغام دیں۔ جن مسلمان ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے، وہ فی الفور دستبرداری کا اعلان کریں، اسرائیل ملک نہیں بلکہ دہشتگردی کا اڈہ ہے، جو سکیورٹی کے نام پر فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے۔ کابل سے لے کر کشمیر اور فلسطین تک ہر جگہ استعماری قوتیں لاکھوں لوگوں کی زندگیاں برباد کر رہی ہیں اور ان کا مقابلہ کرنے کیلئے دنیا بھر کے حریت پسند قوتوں کو مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ غاصب صہیونی دشمن فلسطین کو اپنا وطن بنانے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ ان کا یہ خواب فلسطینی قوم کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ صہیونیوں کے فلسطین میں دن گنے جا چکے ہیں، وہ وقت دور نہیں جب فلسطینی تحریک آزادی کامیاب ہوگی اور ارض فلسطین کو صہیونی دشمنوں کا قبرستان بنایا جائیگا۔

عارف حسین نے کہا کہ فلسطین امت مسلمہ کیلئے رگ جان کی حیثیت رکھتا ہے، غزہ میں لاکھوں مسلمان گذشتہ دس روز سے محصور ہیں، مگر دنیا بھر کی مسلم قیادت محض زبانی جمع خرچ اور بیان بازی سے کام لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسلامی ممالک کو اسرائیل کیخلاف جاندار موقف اپنانا چاہیئے اور صیہونی جارحیت کو روکنے اور آزاد فلسطین کے قیام کے لیے عملی کردار ادا کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوس کا مقام ہے کہ فلسطین میں نہتے عوام پر بمباری ہو رہی ہے، مگر مسلم ممالک کے حکمران تاحال کوئی مشترکہ اور جاندار موقف نہیں اپنا سکے، جو کہ نااہلی اور نالائقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنی روش بدلے اور اسرائیل کی اندھی حمایت ترک کرے۔ مغربی ممالک کا کردار بھی مشکوک ہے، اقوام متحدہ اور سکیورٹی کونسل میں فلسطین کی قراردادوں کو مسترد کیا جا رہا ہے، تمام طلبہ تنظیموں نے ملک گیر یوم ِفلسطین ریلیوں میں بھرپور شرکت کا اعلان بھی کیا۔
خبر کا کوڈ : 933591
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش