0
Thursday 27 May 2021 18:00

عالمی طاقتیں بھارت میں اقلیتوں کیساتھ ہونیوالے مظالم کا نوٹس لیں، چودھری محمد سرور

عالمی طاقتیں بھارت میں اقلیتوں کیساتھ ہونیوالے مظالم کا نوٹس لیں، چودھری محمد سرور
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان اقلیتوں کیلئے دنیا کا محفوظ ترین ملک ہے، مگر بھارت میں مودی کی نگرانی میں اقلیتوں کا قتل عام ہو رہا ہے۔ کرتار پور راہداری منصوبہ بھارت کو آج تک ہضم نہیں ہو رہا۔ پاکستان میں تمام عقائد اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ ہم آہنگی سے زندگی بسر کر رہے ہیں اور ان کو تمام تر حقوق پوری طرح سے میسر ہیں۔ امریکہ سمیت عالمی طاقتوں کو بھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہیئے، تاکہ بھارت میں اقلیتوں کو تحفظ اور مذہبی آزادی مل سکے۔ وہ امریکہ سے تعلق رکھنے والی سکھ کیمونٹی کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان میں عیسائیوں، ہندووں اور سکھوں سمیت تمام اقلیتیں پرامن طریقے سے مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ زندگی بسر کر رہی ہیں۔

قائد اعظم محمد علی جناح کے ویژن کے مطابق اقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور تحریک انصاف کی حکومت اس ذمہ داری کو پورا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں کسی بھی عقیدے کے خلاف کوئی امتیاز نہیں پایا جاتا۔ آئین پاکستان کسی بھی مذہب کا امتیاز کیے بغیر ہر فرد کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی پالیسیاں ملک میں امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ سکھوں کے لئے کرتار پور راہداری کا منصوبہ حکومت پاکستان کی اقلیت دوستی کی عظیم مثال ہے۔ 

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے لیے محفوظ ترین ملک ہے، مگر مودی کی قیادت میں بھارت تمام اقلیتوں کے خلاف ہندوتوا نفرت کی آگ میں جھلس رہا ہے اور جب سے نریندر مودی نے اقتدار سنبھالا ہے، بھارت میں مذہبی اقلیتوں کے خلاف جرائم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ بھارت میں مسلمانوں، عیسائیوں اور دوسرے مذاہب کے پیروکاروں کے خلاف ہندو جتھوں کے حملے معمول کا معاملہ بن چکے ہیں۔ ہیومن رائٹس واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل جیسی انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اپنی رپورٹوں میں بھارت میں مذہبی اقلیتوں کی حالت زار اکثر بیان کرتی رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ امریکہ سمیت عالمی طاقتیں بھی بھارت میں اقلیتوں کیساتھ ہونیوالے مظالم کا نوٹس لیں اور بھارت کو سفارتی دباو کے ذریعے مجبور کیا جائے کہ وہ بھارت میں بسنے والے مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کے لوگوں کو مذہبی آزادی کے ساتھ ساتھ جان و مال کا تحفظ بھی یقینی بنائے اور اقلیتوں کے قتل عام کو بند کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 934839
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش