0
Wednesday 9 Jun 2021 00:08

سانحہ ماڈل ٹاون کے سات سال مکمل ہونے پر17 جون کو ملتان میں بھرپور احتجاج ہوگا، افتخار قریشی 

سانحہ ماڈل ٹاون کے سات سال مکمل ہونے پر17 جون کو ملتان میں بھرپور احتجاج ہوگا، افتخار قریشی 
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک ملتان کی کوارڈنیشن کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی سینئر نائب صدر افتخار قریشی ایڈووکیٹ نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاون کے سات سال مکمل ہونے پر 17 جون کو ملک بھر سمیت ملتان میں بھی بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔احتجاج میں کثیر تعداد میں مرد وخواتین شریک ہونگے جبکہ تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کو بھی احتجاج میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اجلاس میں تحریک منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک، منہاج القرآن علما کونسل، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے ضلعی رہنماوں نے شرکت کی۔ افتخار قریشی ایڈووکیٹ نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاون ملکی تاریخ کا ایسا بدترین سانحہ ہے جس میں حکومت وقت نے ریاستی دہشت گردی کرتے ہوئے اپنے ہی ملک کے پرامن اورمعصوم شہریوں کا قتل عام کیا۔ یہ ایک ایسا سانحہ ہے جس میں ایک ایک قاتل کا چہرہ کیمروں کے ذریعے پوری قوم نے دیکھا مگر پھر بھی سات سال سے انصاف کیلئے دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔ انصاف اور قصاص کیلئے ہر دروازہ کھٹکھٹایا مگر کوئی نتیجہ برآمد نہ ہوا۔ اس کرپٹ اور ظالمانہ نظام کی سفاکی سے مجبور ہوکر ایک مرتبہ پھر احتجاج کیلئے باہر نکل رہے ہیں۔

ممبر سنٹرل کور کمیٹی راو عارف رضوی نے کہا کہ ماڈل ٹاون میں شہید ہونیوالے بھائیوں اور بہنوں کا خون ہم پر قرض ہے، شہدا کے خون کے قطرے قطرے کا قصاص لینے کیلئے قانونی محاذ پر جنگ جاری ہے، مگر ابھی تک سانحہ میں ملوث کسی ایک کانسٹیبل تک کو بھی معطل نہیں کیا گیا۔ قاتل پروٹوکول کے ساتھ دندناتے پھررہے ہیں جبکہ مظلوم مختلف عدالتوں میں پیشیاں بھگت رہے ہیں۔ موجودہ حکومت نے بھی دعووں اور وعدوں کے باوجود کوئی تعاون نہیں کیا، بلکہ بہت سے نامزد ملزمان کو ترقیاں دے کر اعلی عہدوں پر فائز کردیا۔ ایسے حالات میں پھر احتجاج پر مجبور ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 937029
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش