0
Monday 22 Aug 2011 13:29

لیبیا پر مخالفین کا قبضہ، قذافی کا اقتدار ختم ہونے کے قریب پہنچ گیا

لیبیا پر مخالفین کا قبضہ، قذافی کا اقتدار ختم ہونے کے قریب پہنچ گیا
طرابلس:اسلام ٹائمز۔ لیبیا میں مخالفین نے پورے ملک پر قبضے اور معمر قذافی کے دو بیٹوں کو حراست میں لینے کا دعویٰ کر دیا ہے، جبکہ معمر قذافی کی گرفتاری کے متعلق متضاد اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ اس سے قبل معمر قذافی نے آڈیو پیغام میں عوام کو طرابلس کی حفاظت کرنے کا پیغام جاری کیا تھا اور حکومتی ترجمان موسیٰ ابراہیم کا کہنا تھا کہ نیٹو، مخالفین کے ساتھ مل کر معصوم شہریوں کو ہلاک کر رہے ہیں جبکہ ہم مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔ دوسری جانب مخالفین کی طرابلس کے مرکز میں معمر قذافی کی فوج کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئی ہیں، مخالفین نے صدارتی محل کے محافظوں کے ہتھیار پھینکنے اور صدارتی محل کے سوا پورے لیبیا پرقبضہ کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ لوگ طرابلس میں مخالفین کی آمد کے بعد گلیوں میں نکل آئے اور خوشیاں منائی گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق معمر قذافی لیبیا سے فرار ہو چکے ہیں اور وہ انگولا یا زمبابوے میں پناہ لیں گے۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کا کہنا ہے کہ اب معمر قذافی کو ہر صورت جانا ہی ہو گا، جبکہ امریکا نے مرکز میں مخالفین کی پیش قدمی کو حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق حکومت مخالفین دارالحکومت طرابلس پہنچ گئے ہیں، تیرہ سو افراد کی ہلاکت کے بعد کرنل قذافی کے دو بیٹے حراست میں لے لیے گئے جبکہ قذافی نے عوام سے غداروں سے لڑنے کی اپیل کی ہے۔ امریکی صدر براک اوباما سمیت عالمی برادری نے قذافی کو اقتدار سے الگ ہونے کا مشورہ دیا ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے گرد و نواح میں اتوار کو ہونے والی شدید جھڑپوں کے بعد سینکڑوں مخالفین دارالحکومت کے وسط میں واقع گرین اسکوائر تک پہنچ گئے۔ سیکڑوں شہری پرچم لہراتے ہوئے مخالفین کے استقبال کے لیے سڑکوں پر نکل آئے جبکہ لیبیا کے وزیراعظم محمودی تیونس پہنچ گئے۔
جرائم کی بین الاقوامی عدالت نے کرنل قذافی کے بیٹے اور جانشین سیف السلام کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ کرنل قذافی کے دوسرے بیٹے محمد بھی اپنے گھر میں مخالفین کی زیرحراست ہیں۔ ترجمان لیبیائی حکومت کا دعویٰ ہے کہ اتوار کی دوپہر کے بعد سے شہر میں تیرہ سو افراد ہلاک اور پندرہ سو زخمی ہو چکے ہیں۔
دریں اثناء عالمی سطح پر ایک بار پھر کرنل قذافی سے اقتدار سے الگ ہونے کو کہا گیا ہے۔ ادھر کرنل قذافی نے لیبیا کے قبائلیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ طرابلس میں مخالفین کا مقابلہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 93709
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش