0
Friday 11 Jun 2021 13:56
جبری ویکسینیشن کا کوئی منصوبہ نہیں

ویکسینیشن نہ کروانے والوں کی سم بند کرنے کی تجویز زیر غور نہیں ، وزارت صحت کی وضاحت

صحت عامہ کی حفاظت کیلئے کچھ پابندیاں لگائیں گے
ویکسینیشن نہ کروانے والوں کی سم بند کرنے کی تجویز زیر غور نہیں ، وزارت صحت کی وضاحت
اسلام ٹائمز۔ ملک میں جہاں تقریباً 3 لاکھ افراد کو روزانہ کورونا سے بچاو کی ویکسین لگائی جا رہی ہے اور کورونا کیسز میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، وہیں کووِڈ مریضوں کے لیے مختص 70 فیصد وینٹی لیٹرز اور آکسیجنیٹڈ بیڈز خالی ہیں۔ وزارت صحت نے ان افواہوں کی تردید کر دی کہ حکومت "جبری" طور پر ویکسین لگائے گی اور ویکسین لگانے سے انکار کی حوصلہ شکنی کے لیے کوئی منصوبہ زیر غور ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کووِڈ مریضوں کے لیے مختص 70 فیصد وینٹی لیٹرز اور آکسیجنیٹڈ بستر خالی ہیں۔

دوسری جانب الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ حکومت، ویکسی نیشن کا عمل تیز کرنے کے طریقوں پر غور کر رہی ہے، لیکن وزارت صحت نے وضاحت کر دی کہ جبری ویکسی نیشن پر غور نہیں کیا جا رہا۔ افواہیں تھیں کہ حکومت ان لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا سوچ رہی ہے، جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی، ان کی سمز بلاک کر دی جائیں گی اور انہیں ریسٹورنٹس اور سرکاری دفاتر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تاہم وزارت صحت کے ترجمان ساجد شاہ کے مطابق اس طرح کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ویکسی نیشن کی حوصلہ افزائی اور یہ بات یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ عوامی مقامات اور تقاریب میں کوئی خطرہ نہ ہو، کسی بھی طرح جبری ویکسی نیشن نہیں ہوگی، لیکن ہم صحت عامہ کی حفاظت کے لیے کچھ پابندیاں لگائیں گے۔

تاہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے کچھ اقدامات نے ان افواہوں کو مزید تقویت اس وقت دی، جب حکومت سندھ نے اعلان کیا کہ جو ملازمین ویکسین نہیں لگوائیں گے، انہیں جولائی کی تنخواہ نہیں دی جائے گی۔ اسی طرح پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے جاری کردہ ایک سرکلر میں کہا گیا کہ کووِڈ رسک الاونس ان ملازمین کو نہیں دیا جائے گا، جن کے پاس ویکسی نیشن کارڈ نہیں ہوگا۔ علاوہ ازیں اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کے عملے کو بھی بتا دیا گیا ہے کہ ویکسی نیشن کے بغیر انہیں اداروں میں آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 937485
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش