0
Monday 14 Jun 2021 19:36
امریکہ روس کی طرح چین کو بھی افغانستان کے ذریعے شکست دینا چاہتا ہے

امریکہ ایک تباہ کن منصوبے کیساتھ  افغانستان سے نکل رہا ہے، علامہ جواد نقوی

افغان محاذ گرم ہونیوالا ہے، پاکستان دوبارہ پرائی جنگ اپنے گلے میں نہ ڈالے، خطاب
امریکہ ایک تباہ کن منصوبے کیساتھ  افغانستان سے نکل رہا ہے، علامہ جواد نقوی
اسلام ٹائمز۔ مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ و تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ ایک نجی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سی آئی اے کے موجودہ سربراہ ولیم برونس نے پاکستان کا خفیہ دورہ کیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ پاکستان امریکہ کو اڈے دے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اس سربراہ کو ملاقات کا وقت نہ دے کر بہت اچھا کام کیا ہے۔ عمران خان نے یہ قدم اٹھا کر بہت سارے کاموں کی تلافی کر دی ہے۔ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ وزیر اعظم امریکی صدر کو بھی دوٹوک پیغام دے دیں کہ پاکستان اب کسی کی جنگ میں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری آرزو بھی یہی ہے کہ پاکستان کسی کی جنگ میں نہ جائے اگر پاکستان دوبارہ پرائی جنگ اپنے گلے ڈالے گا تو یہ نیگ شگون نہیں ہوگا، مگر جو افغانستان میں ہو رہا ہے اس کا سب سے پہلا شکار پاکستان ہے، امریکہ ایک تباہ کن منصوبے کیساتھ  افغانستان سے نکل رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب 1979 میں جنگ شروع ہوئی تھی، افغانیوں کے پاس تجربہ نہیں تھا، ان کو اسلحہ دیا گیا ان کو تیار کیا گیا تھا، مگر اب یہ سارے گروہ مکمل طور پر چالیس سال کا تجربہ رکھتے ہیں۔ اس وقت افغانستان میں جتنے دھڑے ہیں، یہ سب غیر ملکی طاقتوں کے ایجنڈوں پر ہیں ایک دھڑا روس، ایک چائنا، ایک پاکستان سے اور ایک بڑا نفوذ ایران کا بھی ہے، یہ سب دھڑے بیرونی طاقتوں سے جڑے ہوئے ہیں اور نیابتی جنگ کیلئے ایک نئے معرکے کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ افغانستان کو خالی کر رہا ہے یہ فتح اور شکست کے بات نہیں بلکہ یہ کسی اور مشن کی تیاری ہو رہی ہے، افغانستان شدید ناامنی کی طرف جا رہا ہے۔  امریکہ اس نا امنی کو اپنے گلے نہیں لینا چاہتا لیکن اگر افغانستان میں آگ لگے گی تو دھواں پاکستان میں آئے گا جیسے پہلے ضیاء الحق کے دور میں ہوا تھا۔

علامہ سید جواد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ نے روس کو افغانستان کے ذریعہ شکست دی اب چائنا کو بھی اسی ذریعے سے شکست دے سکتا ہے اور چائنا کے منصوبے پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں اور اس جنگ میں پاکستان چائنا کا دوست شمار ہوگا اور امریکہ ہر قیمت پر اڈے لے کر طالبان کو پاکستان کیخلاف کھڑا کرنا چاہتا ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 938035
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش