0
Friday 18 Jun 2021 23:58

ڈیرہ غازیخان، ایم ڈبلیو ایم نے صحت افزا مقام فورٹ منرو سے شجرکاری مہم کا آغاز کردیا

ڈیرہ غازیخان، ایم ڈبلیو ایم نے صحت افزا مقام فورٹ منرو سے شجرکاری مہم کا آغاز کردیا
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب نے ضلع ڈیرہ غازی خان میں موجود سلسلہ کوہ سلیمان کے خوبصورت علاقہ فورٹ منرو سے شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا۔ شجرکاری مہم کا آغاز ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات انجینئر سخاوت علی سیال، صوبائی سیکرٹری تحفظ عزاداری صفدر حسین خان اور سابق ضلعی سیکرٹری جنرل ساجد خان گشکوری نے درخت لگا کر کیا، شجر کاری مہم کے دوران کلمہ چوک اور اناری آرچرڈ کے مقام پر قدآور سایہ دار درخت لگائے گئے۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری سیاسیات انجینئر سخاوت علی نے کہا کہ ارض وطن پاکستان میں شجرکاری ایک اہم مہم ہے۔ شجر سے محبت دراصل انسانیت سے محبت ہے کیونکہ درخت آکسیجن مہیا کرکے ہماری زندگی کا سامان پیدا کرتے ہیں۔ درختوں کی کٹائی سے گلوبل وارمنگ کے خطرات بڑھتے جا رہے ہیں اگر گلوبل وارمنگ کو روکا نہیں گیا تو یہ دنیا کو صفحہ ہستی سے مٹا سکتی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ گلوبل وارمنگ کے نتیجے میں زیرزمین پانی کی سطح مسلسل کم ہو رہی ہے اور پینے کے لئے صاف پانی کی عدم دستیابی کے باعث پوری نوع انسانی شدید خطرات سے دوچار ہونے جا رہی ہے، درجہ حرارت بڑھنے اور پہاڑوں پر برف پگھلنے سے سمندروں کے سطح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ جس کے نتیجہ میں مستقبل میں طغیانی سے شہروں کی شہر زیرآب آنے کے خدشات ظاہر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان جس حد تک ماحولیاتی آلودگی اور موسمی تغیرات کا شکار ہوچکا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں، ان کی دیکھ بھال کی جائے اور آنے والی نسل کو بھی شجرکاری کے فوائد اور اہمیت سے واقف کرایا جائے۔ نسل انسانی کے دائمی تحفظ کے لیے ناصرف ایک دن بلکہ پورا سال شجرکاری مہم کو جاری رکھا جائے۔
خبر کا کوڈ : 938785
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش