0
Thursday 24 Jun 2021 16:51

اسپیکر کے خط پر پولیس نے اپوزیشن کیخلاف ایف آئی آر درج کی، ظہور بلیدی

اسپیکر کے خط پر پولیس نے اپوزیشن کیخلاف ایف آئی آر درج کی، ظہور بلیدی
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے صوبائی وزیر خزانہ ظہور بلیدی نے موجودہ صورتحال کے حوالے سے میڈیا کو بریفینگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن نے بجٹ کے معاملے میں جن باتوں پر بحث کی، ہم نے ہمیشہ انہیں تسلی بخش جواب دیئے ہیں۔ وزیر خزانہ نے بجلی روڈ تھانے میں جاری اپوزیشن ارکان کے دھرنے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ 18 جون کے واقعہ میں اپوزیشن ارکان نے اسمبلی کے گملے اور شیشے توڑے، جس کے بعد صوبائی اسپیکر نے خود اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے پولیس کو خط لکھا۔ پھر پولیس نے اسی کی بنیاد پر اپوزیشن ارکان کے خلاف ایف آئی آر درج کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک بات ان کی گرفتاری کے حوالے سے ہے تو آئین کے مطابق اسپیکر صوبائی اسمبلی کی اجازت کے بغیر کسی بھی رکن اسمبلی کو گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں خود تھانے گئی ہیں اور احتجاج شروع کر دیا ہے، ان کا مقصد صرف اور صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے۔

انہوں نے مذاکرات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ان کے پاس دو کمیٹیاں بھی گئیں اور ان سے یہی کہا گیا کہ آپ اسمبلی کے اندر آئیں، بجٹ سیشن میں شرکت کریں اور آئین و قانون کے مطابق ہاؤس کے اندر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں مگر وہ نہیں مانے۔ انہوں نے اپوزیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت بجٹ میں آپ کے منصوبے شامل نہیں کرتی تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ باہر سے افراد جمع کرکے لے آئیں، اسمبلی کو یرغمال بنا لیں اور اسمبلی کی عمارت کو نقصان پہنچائیں۔ اگر اسمبلی کو نقصان پہنچایا جائے گا تو اسپیکر بھی اقدامات اٹھانے پر مجبور ہونگے۔ دوسری جانب اپوزیشن رہنماء ثناء اللہ بلوچ کا کہنا ہے کہ حکومت نے خود اپوزیشن کے ارکان کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے اور پولیس اہلکار یہ بتانے سے قاصر ہیں کہ ایف آئی آر درج کرنے والا کون تھا۔ یاد رہے کہ اپوزیشن کے مختلف رہنماء بجلی روڈ تھانے میں ایف آئی آر کے خلاف پچھلے چار دنوں سے سراپا احتجاج ہیں۔
خبر کا کوڈ : 939854
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش