0
Friday 9 Jul 2021 19:08
لاہور میں یوم عظمت اہلبیتؑ کے حوالے سے احتجاجی مظاہرہ، شہریوں کی بھرپور شرکت

ایم ڈبلیو ایم کا مذہبی لبادوں میں چھپے تکفیروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

افغانستان میں کمزور حکومت کو طالبان کے رحم و کرم پر چھوڑ کر امریکہ کا انخلا چال ہے، علامہ اسدی
ایم ڈبلیو ایم کا مذہبی لبادوں میں چھپے تکفیروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی اپیل پر جمعہ کے روز ملک بھر میں "یوم عظمت اہلبیت ع" منایا گیا۔ جس کا مقصد خاندان رسالت ص کی عظمت و اہمیت کو بیان  اور گستاخان کیخلاف فوری اور سخت سزاؤں کا مطالبہ کرنا تھا۔ جمعہ کے خطبات میں آئمہ کرام نے عظمت اہلبیت ع پر  روشنی ڈالتے ہوئے ان کی محبت کو ہر کلمہ گو کیلئے واجب قرار دیا۔ لاہور میں عظمت اہلبیت ع کی مناسبت سے ریلی نکالی گئی جن میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام، کارکنان اور سماجی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر گستاخان اہلبیت ع کیخلاف اور عظمت اہلبیت ع پر نعرے درج تھے۔

مقررین نے ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے اہلبیتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، چہاردہ معصومین علیہم السلام کی گستاخی کرنیوالوں کو توہین رسالت کا مجرم قرار دے کر سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی استعماری طاقتیں وطن عزیز کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کیلئے آئے روز ایک نیا فتنہ کھڑا کر دیتی ہیں۔ جس کا مقصد مذہبی ہم آہنگی کو سبوتاژ کرکے مذہبی منافرت کو ہوا دینا ہے۔ ملک دشمنوں کے ایسے ناپاک عزائم ملکی سلامتی کیلیے شدید خطرہ ہیں۔ مختلف مکاتب فکر کو ایک دوسرے کیخلاف صف آراء کرنے کیلئے سازشوں کا جو جال بنا جا رہا ہے ریاست کو اس کا درک کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ محرم کی آمد کیساتھ ہی بھائی چارے کی فضا خراب کرنے کیلئے یہود و نصاریٰ کے آلہ کار متحرک ہو چکے ہیں۔ مذہبی لبادوں میں چھپے  تکفیری عناصر کیخلاف اگر ریاست نے کارروائی نہ کی تو ملک کے اندر خانہ جنگی کی آگ بھڑک سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقدسات پر کسی کو انگلی اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ امام موسی کاظم علیہ السلام اور خاندان رسالت کی دیگر شخصیات کیخلاف گستاخانہ کلمات ادا کرنیوالوں کیخلاف ریاست خود مدعی بن کر توہین رسالت کے مقدمے کا اندراج کرے اور قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسا کرنے کی جرات نہ ہو سکے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ سید حسن رضا ہمدانی نے کہا کہ آئمہ اطہار علیہم السلام کی توہین کے حالیہ واقعہ نے شیعہ سنی برادران کے مذہبی جذبات کو شدید مجروح کیا ہے۔ غم و غصے کی یہ کیفیت اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک مرتکب شخص کو توہین اہلبیت ع کا مجرم قرار دے کر سزا نہیں سنائی جاتی۔ انہوں نے کہا اہل ایمان کٹ مر تو سکتے ہیں لیکن اپنے نبی ص اور ان کے اہلبیت ع کی توہین قطعاً برداشت نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ مذموم عناصر کی جانب سے اس  طرح کی شر انگیزی کا مقصد  مذہبی منافرت پھیلا کر ملک کی سالمیت و بقا کیلئے خطرات پیدا کرنا ہے۔ یہ ابلیسی کردار دین  اسلام کیساتھ ساتھ ریاست کے بھی خطرناک ترین دشمن ہیں۔ ان کیساتھ کسی قسم کی لچک کا مظاہرہ قومی سلامتی کو داؤ پر لگانے کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونیوالا کلپ گستاخی کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔ قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اس گستاخانہ کلپ کی بنیاد پر گستاخ کو سزا دی جائے۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مظہر جعفری نے کہا کہ عالمی استکباری قوتیں اس پورے خطے کو عدم استحکام کا شکار دیکھنا چاہتی ہیں۔ افغانستان میں ایک کمزور سیاسی حکومت کو طالبان کے رحم و کرم پر چھوڑ کر امریکہ کا انخلا ایک بہت بڑی چال ہے جس سے پڑوسی ممالک بھی متاثر ہوئے بغیر نہیں رہیں گے۔ امریکہ اور اس کے حواری مذہب سمیت مختلف کارڈز استعمال کرکے پاکستان کو ہر طرف سے کمزور دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ چین کی طرف طاقت کی منتقلی کے عمل کو روکا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی منافرت اور تکفیریت کے فروغ میں بھی انہی قوتوں کا ہاتھ ہے جو مسلمانوں کو باہم دست و گریباں کرنے کیلیے ڈالر و دینار کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی منافرت کا پرچار کرنیوالوں کیخلاف گھیرا تنگ کرکے سخت کارروائی میں جس قدر تساہل برتا جائے گا اس قدر ملکی سلامتی کیلئے خطرات شدید تر ہوتے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 942477
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش